سوالیہ آوازوں کو دبانا جمہوریت کے لیے خطرناک: کے ٹی آر

ktr-act1

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے ملک میں نوجوانوں اور طلبہ کے احتجاج اور حق کی آواز کو طاقت کے بل بوتے پر دبانے کی کوشش پر تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں غیر معلنہ ایمرجنسی قائم کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نظام کو پاک صاف اور درست کرنے کی خاطر جدوجہد کرنے والے نوجوانوں کو جیلوں میں ڈالنا حکومتوں کی بوکھلاہٹ اور خوف کی واضح دلیل ہے۔ کے ٹی آر نے استفسار کیا کہ سورو داس اور اشوتوش رنکا کے خلاف (Breach) کے مقدمات درج کرنا کونسا انصاف ہے؟ انہوں نے دہلی کے جنترمنتر پر قومی پرچم لہرانے جیسی پرامن سرگرمی پر نوجوان قائدین کو پانچ دن کی عدالتی حراست میں بھیجے جانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح نوجوانوں کو بلا جواز جیلوں میں ڈالنے سے ملک کے اندر ایک اور ایمرجنسی نافذ ہونے کا خطرہ پیدا ہو رہا ہے۔ کے ٹی آر نے یاددلایا کہ ہندوستان نے آزادی طویل مظاہروں اور تحریکوں کے نتیجے میں حاصل کی تھی اور اختلاف رائے ہی اصل جمہوریت کی بنیاد ہے۔ احتجاج کرنے کے حق کا تحفظ ہر حال میں کیا جانا چاہئے۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ SIR کے نام پر ملک بھر میں حقیقی اور اہل شہریوں کے نام ووٹر لسٹ سے خارج کردیئے گئے ہیں۔ 13 کروڑ ووٹوں کو ووٹر لسٹ سے ہٹا دیا گیا ہے جس میں اقلیتوں کی اکثریت ہے جس کے خلاف سارے ملک میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔ نوجوان اور طلبہ شہریوں کو حق رائے دہی کے بنیادی اور دستوری حقوق سے محروم کرنے کے خلاف دہلی اور ملک کے دیگر ریاستوں میں احتجاج کررہے۔ ایسے میں احتجاج کے لئے جنترمنتر کو منسوخ کردینا سراسر ناانصافی ہے۔ کے ٹی آر نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت ملک کے روشن مستقبل اور جمہوری اقدار کی خاطر لڑنے والے تمام نوجوانوں اور طلبہ کی جدوجہد کی مکمل حمایت کرتی ہے۔