حیدرآباد کو سرمایہ کاری کے بہتر عالمی مرکز میں تبدیل کرنے کا عزم

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کی سب سے کم عمر ریاست تلنگانہ کو سرمایہ کاری کے شعبہ میں انتہائی سازگار عالمی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ چیف منسٹر آج حیدرآباد میں گلوبل سمٹ سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام سمیکھیا چیمبر آف کامرس نے کیا تھا۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ رائزنگ ویژن 2047 کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے ریاست کو تین علحدہ زونس میں تقسیم کرنے کے فوائد سے واقف کرایا۔ کیور، پیور اور ریر ریجن میں ترقیاتی سرگرمیوں کیلئے خصوصی منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ 2034 تک ریاست کی معیشت کو ایک ٹریلین ڈالر اور 2047 تک 3 ٹریلین ڈالر تک ترقی دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد آوٹر رنگ روڈ کے حدود میں واقع کیور اربن ریجن کو انفارمیشن ٹکنالوجی اور سرویس سیکٹر کے مرکز میں تبدیل کیا جائے گا۔ آؤٹر رنگ روڈ اور ریجنل رنگ روڈ کے درمیانی علاقہ کو مینوفیکچرنگ انڈسٹریز ، انڈسٹریل پارکس اور لاجسٹک سیکٹر کے طور پر ترقی دی جائے گی۔ دیہی علاقوں کی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے ریر ریجن تشکیل دیا گیا ہے جس میں زراعت کے علاوہ فوڈ پروسیسنگ اور زراعت پر مبنی صنعتیں قائم کی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تلنگانہ کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین مقام میں تبدیل کیا جائے گا اور تلنگانہ میں گھریلو مجموعی پیداوار میں 10 فیصد حصہ داری قومی سطح پر رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ 2047 میں ہندوستان کی آزادی کے 100 سال مکمل ہورہے ہیں اور وزیراعظم نریندر مودی وکست بھارت کے نظریہ کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وکست بھارت کے نشانہ کی تکمیل کیلئے ریاستوں اور مرکز کے درمیان تعاون اور تال میل ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست صرف انتخابات کے موقع پر ہونی چاہئے جبکہ باقی ایام میں ترقی پر توجہ دی جائے ۔ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کے الزامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 400 سال قبل تعمیر کردہ تاریخی چارمینار ہندوستان اور بیرونی صنعت کاروں کیلئے ایک اہم نشانی ہے۔ موجودہ تبدیلیوں کے ساتھ چارمینار کے علاوہ ہائی ٹیک سٹی عالمی سرمایہ کاری کے مرکز کی علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاروں سے اپیل کی کہ تلنگانہ رائزنگ ویژن کی تکمیل میں حکومت کے ساتھ شامل ہوجائیں۔ انہوں نے سرمایہ کاروں کو حکومت کی جانب سے بہتر سہولتوں اور انفراسٹرکچر کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ مقامی صنعت کاروں کو نئی صنعتی پالیسی میں حصہ دار بننا چاہئے ۔ چیف منسٹر نے خواتین کی صنعتی شعبہ میں حوصلہ افزائی کیلئے حکومت کی اسکیمات کا حوالہ دیا اور تجویز پیش کی کہ چیمبر آف کامرس کو نوجوان اور خواتین صنعت کاروں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ تلنگانہ حکومت نے خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بینکوں سے مربوط 61000 کروڑ کا قرض فراہم کیا ہے۔ انہوں نے منورو کاپو طبقہ کی جانب سے مختلف شعبہ جات میں حصہ داری اور ریاست کی ترقی میں اہم رول کی ستائش کی۔ انہوں نے کہا کہ منورو کاپو طبقہ سیاست کے علاوہ سینما کے شعبہ میں سرگرم ہے۔
