صنعتی ترقی کے شعبہ میں تلنگانہ اور کرناٹک کے درمیان اشتراک ضروری

TOP_9-13

وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو نے صنعتی ترقی کے شعبہ میں تلنگانہ و کرناٹک کے درمیان اشتراک کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ایرو اسپیس ، لائیف سائنسیس ، سمی کنڈکٹرس ، ٹیکسٹائلس اور ٹکنالوجی خدمات جیسے شعبہ جات میں دونوں ریاستوں میں پارٹنرشپ ممکن ہے۔ سریدھر بابو آج بنگلور میں انویسٹ تلنگانہ گلوبل سمٹ 2026 کے ضمن میں منعقدہ روڈ شو سے خطاب کر رہے تھے جس کا اہتمام کانفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری نے کیا تھا ۔ انہوں نے کرناٹک کی کمپنیوں کو 7 تا 9 ڈسمبر فیوچر سٹی میں منعقد ہونے والے گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ سریدھر بابو نے کہا کہ دونوں ریاستوں کے درمیان صنعتی شعبہ کی ترقی کے امکانات روشن ہیں۔ تلنگانہ حکومت بہتر سرمایہ کاری کے ذریعہ دونوں ریاستوں میں صنعتوں کے فروغ کے حق میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسرچ ، ڈیزائن اور مینوفیکچرنگ شعبہ میں پیداواری صلاحیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بنگلور میں طیاروں کے انجن کی تیاری اور بائیو ٹکنالوجی لیباریٹریز کے ذریعہ ویکسین کی تیاری میں باہمی تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی جینوم ویلی میں سمی کنڈکٹر اور الیکٹرانکس مینوفیکچرنگ یونٹس قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کپاس کی پیداوار کو کاکتیہ میگا ٹیکسائل پارک میں پروسیسنگ کے ذریعہ بنگلور کے گارمنٹ مینوفیکچررس کو سربراہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی کمپنیاں گلوبل کیپبلیٹی سنٹرس کے قیام کیلئے بنگلور کو ترجیح دے رہے ہے۔ انہیں بنگلور کے ساتھ ساتھ حیدرآباد کے بارے میں بھی غور کرنا چاہئے۔ سریدھر بابو نے حیدرآباد میں انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ، آئی آئی ٹی ، انڈین اسکول آف بزنس اور دیگر اداروں کی موجودگی کا حوالہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلور کا شمار ملک کے بڑے اسٹار اپ کے مرکز میں ہوتا ہے ایرو اسپیس اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں کرناٹک کے اداروں نے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ ہندوستان ایروناٹک لمٹیڈ ، انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن اور نیشنل ایرو اسپیس لیباریٹریز تلنگانہ کے درمیان اشتراک کے بہتر امکانات ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت 2047 تک ریاست کی معیشت کو تین ٹریلین ڈالر تک ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ اس موقع پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کی گئیں۔ حکومت ملک کی اہم ریاستوں میں گلوبل سمٹ کیلئے روڈ شو کا اہتمام کر رہی ہے۔