آندھراپردیش میں سیلاب کا خطرہ، تلنگانہ کے کئی اضلاع میں بارش کا امکان

TOP_12-22

موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں خشک سالی کی صورتحال کا سامنا کرنے والے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے بعض اضلاع کو اس وقت راحت ملی جب محکمہ موسمیات نے 28 اکتوبر کو بھاری بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ خلیج بنگال میں ہوا کے دباؤ میں کمی کے نتیجہ میں آندھراپردیش کے کئی اضلاع کو سیلاب کا خطرہ لاحق ہوچکا ہے۔ محکمہ موسمیات نے تلنگانہ کے 16 اضلاع کے لئے 28 اکتوبر کو ریڈ ، آرینج اور ایلو الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے مطابق 27 اکتوبر کو ہوا کے دباؤ میں کمی کے اثر آندھراپردیش کے ساحلی اضلاع میں دیکھا جائے گا اور اس سیلاب کے زیر اثر 28 اکتوبر کو تلنگانہ میں بارش ہوسکتی ہے ۔ حیدرآباد میں واقع محکمہ موسمیات کے ماہر سرینواس راؤ نے کہا کہ سیلاب کا اثر مچھلی پٹنم اور وشاکھاپٹنم کے درمیان دیکھا جاسکتا ہے۔ آندھراپردیش کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں میں ہوا کے دباؤ کے زیر اثر اوسطاً موسلادھار بارش کا امکان ہے۔ تلنگانہ میں ملگ ، کتہ گوڑم اور کھمم اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ حیدرآباد میں اوسط بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ ریاست کے کئی علاقوں میں 29 اکتوبر کو بارش کا سلسلہ بدستور جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے جن اضلاع کے لئے آرینج الرٹ جاری کیا ہے ، ان میں بھوپال پلی ، ہنمکنڈہ ، ورنگل ، محبوب آباد اور سوریا پیٹ شامل ہیں۔ ایلو الرٹ کے تحت سرسلہ ، سدی پیٹ ، منچریال ، پدا پلی ، کریم نگر ، جنگاؤں، بھونگیر اور نلگنڈہ میں اوسط اور موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ تلنگانہ کے باقی اضلاع میں ہلکی اور اوسط بارش کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ سال مانسون کی ناکامی کے سبب ملک کے کئی علاقوں کو شدید خشک سالی کی صورتحال کا سامنا ہے اور حکومتوں کی سطح پر ہنگامی ایکشن پلان تیار کئے جارہے ہیں۔