کرپٹو کرنسی کی ملکیت میں ہندوستان دنیا میں سرفہرست

TOP_11-23

دنیا بھر میں کرپٹو کرنسی کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے اور 2026 میں کرپٹو کرنسی کی ملکیت کے معاملہ میں ہندوستان کو سبقت حاصل ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر کرپٹو کرنسی کی ملکیت یا دنیا بھر میں کرپٹو کے مالکان کی تعداد میں ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ کرپٹو کرنسی کے تحت ڈیجیٹل کرنسی جسے بٹ کوئن یا ایتھیریم کہا جاتا ہے ، اس کے استعمال میں اضافہ ہوا ہے۔ کرپٹو کرنسی کی ملکیت کے معاملہ میں دنیا کے 10 ممالک کی نشاندہی کی گئی جن میں ہندوستان 104.4 ملین کے ساتھ سرفہرست ہے۔ کرپٹو کرنسی کے مالکان کی تعداد کے اعتبار سے چین دوسرے نمبر پر ہے جبکہ امریکہ کو تیسرا مقام حاصل ہوا ہے۔ چین میں کرپٹو کرنسی مالکین کی تعداد 63.5 ملین جبکہ امریکہ 56.1 ملین درج کی گئی ہے ۔ اس فہرست میں برازیل ، فلپائن ، ویتنام ، پاکستان ، نائجیریا ، انڈونیشیا اور ایران شامل ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کرپٹو کرنسی کی مقبولیت کی اہم وجہ آسانی سے مالیتی لین دین ہے۔ پاکستان میں کرپٹو کرنسی کی ملکیت رکھنے والوں کی تعداد 16.5 ملین درج کی گئی ہے جبکہ ایران میں 12.6 ملین افراد کرپٹو کرنسی کا استعمال کر رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ترقی یافتہ اور ترقی پذیر دونوں ممالک میں کرپٹو کرنسی کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا۔