مرکزی اسکیمات کے فنڈز کا مکمل استعمال یقینی بنایا جائے: ڈپٹی چیف منسٹر

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا نے تمام متعلقہ محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران کو سخت ہدایت دی کہ وہ مرکزی حکومت کی اسپانسر کردہ مختلف اسکیمات کے تحت جاری فنڈز کا مکمل اور موثر استعمال یقینی بنائیں۔ بھٹی وکرمارکا نے سیکرٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں انہوں نے ریاست میں مرکزی حکومت کی اسکیمات کے نفاذ کی صورتحال، فنڈز کی تقسیم، تاحال اخراجات، زیر التواء بلز اور مرکز کی جانب سے واجب الادا فنڈز کی تفصیلات کا جائزہ لیا۔اجلاس سے خطاب میں انہوں نے ہدایت دی کہ مرکز سے فنڈز حاصل کرنے کے جتنے بھی مواقع موجود ہیں، ان کی محکمہ کے لحاظ سے فوری نشاندہی کی جانی چاہیے اور اس سلسلے میں ضروری تجاویز بروقت مرکز کو پیش کی جائیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان اسکیمات کے سلسلے میں صرف فنڈز کے خرچ تک ہی محدود نہ رہا جائے بلکہ ان اسکیمات کے ذریعے حاصل ہونے والے واقعی نتائج اور عام لوگوں کو پہنچنے والے فوائد پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترجیحی بنیاد پر ایسی اسکیمات کو فروغ دیا جانا چاہیے جن سے براہ راست ریاست کی ترقی اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچے۔ انہوں نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداران کو مشورہ دیا کہ ان اسکیمات پر عمل آوری میں جو بھی مشکلات یا رکاوٹیں درپیش ہیں، انہیں بغیر کسی تاخیر کے فوری طور پر حل کیا جائے۔
