چاول اگانے والی ریاست میں چاول خریدنا مشکل، قیمتوں میں اضافہ تشویشناک: وجے شانتی

TOP_2-5

فلمی اداکارہ و کانگریس ایم ایل سی وجے شانتی نے تلنگانہ میں چاول کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے اس معاملے میں فوری مداخلت اور ردعمل کا مطالبہ کیا ہے۔وجے شانتی نے ریاست میں چاول کی قیمتوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ آخر ایسی صورتحال کیوں پیدا ہو گئی ہے کہ خود چاول پیدا کرنے والی ریاست میں عام لوگوں کے لیے چاول خریدنا دشوار ہو رہا ہے ؟ انہوں نے قیمتوں کے تقابل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چاول کا 25 کلو کا تھیلا، جس کی قیمت پہلے 1,500 روپے تھی، اب بڑھ کر 2,500 روپے تک پہنچ گئی ہے۔ اسی طرح مارکیٹ میں ایک کلو چاول کی قیمت 85 روپے سے 100 روپے تک تجاوز کر چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے کا براہ راست بوجھ غریب اور متوسط طبقے کے عام لوگوں پر پڑ رہا ہے جو کہ انتہائی تشویشناک بات ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پانے کے لیے فوری کارروائی کی جائے۔