میٹرو اور آر ٹی سی کے مشترکہ بس پاس کی قیمتوں میں زبردست کمی

TOP_19-3

حکومت نے ریاست کے عوام کو دیوالی کے تحفے کے طور پر میٹرو ریل اور آر ٹی سی کے مشترکہ بس پاس کی قیمتوں میں زبردست کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیرِ ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے انکشاف کیا کہ یہ فیصلہ مسافرین پر مالی بوجھ کو کم کرنے اور پبلک ٹرانسپورٹ کے استعمال کو مزید فروغ دینے کیا گیا ہے۔انہوں نے پاس کی قیمتوں میں کی گئی نمایاں کمی کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ماہانہ مشترکہ پاس کی قیمت جو فی الحال 8,500 روپے تھی، اسے کم کر کے صرف 4,000 روپے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس 4,000 روپے میں سے 3,000 روپے میٹرو ریل سفر کے لیے اور 1,000 روپے آر ٹی سی بس سفر کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس پاس کے ذریعے ایک ماہ میں زیادہ سے زیادہ 50 چکر (سفر) لگائے جا سکتے ہیں، جس سے مسافرین کو ہر ماہ 4,500 روپے کی راست بچت ہوگی۔اسی طرح روزانہ پاس کی قیمت جو پہلے 400 روپے تھی، اسے بھی گھٹا کر 275 روپے کر دیا گیا ہے۔ اس میں سے 200 روپے میٹرو ریل اور 75 روپے آر ٹی سی بس سفر کے لیے ہوں گے۔ یہ پاس روزانہ چار سنگل سفر کی اجازت دیتا ہے ، جس سے مسافرین کو روزانہ 125 روپے کی بچت ہوگی۔ یہ مشترکہ پاس 8 نومبر سے عوام کو دستیاب ہوگا۔ حکومت کے اس فیصلے کا روزانہ سفر کرنے والے مسافرین نے پرجوش خیرمقدم کیا ہے۔