منگوڈ حلقہ کی ترقی کیلئے حکومت کا رویہ تشویشناک: کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی

منگوڈ اسمبلی حلقہ کی ترقی کیلئے حکومت کے نقطہ نظر پر سوال اٹھاتے ہوئے مقامی کانگریس ایم ایل اے کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ تمام حلقوں کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے اور جس طرح اسمبلی حلقہ کوڑنگل کیلئے 9,000 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، اسی طرح اسمبلی حلقہ منگوڈ کیلئے بھی بھاری رقم مختص کی جانی چاہیے۔کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی نے افسوس ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا کہ فنڈس کی عدم فراہمی پر منگوڈ کے عوام نے آخر کیا گناہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کی ترقی کے سلسلے میں کئی بار چیف منسٹر اور ڈپٹی چیف منسٹر سے ملاقات کر چکے ہیں۔ انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ تمام اسمبلی حلقوں کے تئیں کسی بھی قسم کا امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حلقہ کے عوام کی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کیلئے منگوڈ کیلئے فوری طور پر خصوصی فنڈس کی منظوری دی جائے۔
