13 اور 14 نومبر کو ہائی ٹیکس میں ’بھارت سمٹ‘کا انعقاد

ریاستی وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے اعلان کیا ہے کہ 13 اور 14 نومبر کو ہائی ٹیکس، حیدرآباد میں ‘بھارت سمٹ’ کا انعقاد عمل میں لایا جا رہا ہے۔ نئی دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر کانگریس کے سینئر قائدین سلمان خورشید، گردیپ سنگھ سپل اور صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڈ بھی موجود تھے۔ ڈی سریدھر بابو نے بتایا کہ اس عالمی سمٹ میں عالمی پالیسیوں اور بدلتے ہوئے سیاسی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا اور ترقی پسند سوچ کی حامل پالیسیوں کو آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس اہم سمٹ میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے 70 سے زائد نامور ماہرین حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ قائد اپوزیشن لوک سبھا راہول گاندھی کے ویژن کے مطابق اس بھارت سمٹ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ سریدھر بابو نے امید ظاہر کی کہ اس سمٹ میں پیش کیے جانے والے عالمی ماہرین کے خیالات اور تجاویز ریاست تلنگانہ کی ہمہ جہت ترقی کے لیے نہایت مفید اور کارآمد ثابت ہوں گے۔
