حکومت کرناٹک میسور میں مودی کے قیام کا 80 لاکھ روپے کا بل ادا کرے گی

modi

کرناٹک کے وزیر جنگلات ایشورکھنڈرے نے آج بتایا کہ ریاستی حکومت وزیراعظم نریندرمودی کی میزبانی کا بل ادا کرے گی جو گزشتہ سال پراجکٹ ٹائیگر کے 50 سال کی تکمیل کے موقع پر اپریل میں میسورو آئے تھے۔ یہ بل تقریبا 80 لاکھ روپے کا ہے۔ وزیر کے دفتر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی حکومت وزیراعظم اور صدرجمہوریہ جیسے معزز مہمانوں کی آمد پر ان کی میزبانی کرتی ہے۔ بہرحال گزشتہ سال اپریل میں کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کی وجہ سے ریاستی حکومت اس پروگرام (پراجکٹ ٹائیگر) کی منصوبہ بندی میں شامل نہیں تھی کیونکہ مثالی ضابطہ اخلاق نافذ تھا۔ وزیر نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے پراجکٹ ٹائیگر کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر میسورو۔ باندوپور کا دورہ کیا تھا۔ اس وقت مثالی ضابطہ اخلاق نافذ تھا۔انتخابات کا اعلان ہوچکا تھا لہٰذا یہ ایک خالصتا مرکزی حکومت کا پروگرام تھا۔ ابتدا میں انہوں نے تقریبا تین کروڑ روپے خرچ کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن حقیقی مصارف 6.33 کروڑ روپے ہوئے جس کے نتیجہ میں باقی 3.3 کروڑ روپے کی رقم نیشنل ٹائیگر کنزرویشن اتھاریٹی کی جانب سے ادا کی گئی۔ ریاستی حکومت کے محکمہ جنگلات نے اس وقت انہیں (حکام کو) ایک مکتوب روانہ کیا تھا اور اطلاع دی تھی کہ ہوٹل کا بل (80 لاک روپے)، ریاستی حکومت کی جانب سے ادا کیا جانا چاہئے۔ اسی لئے ہم نے اس کی ادائیگی کا فیصلہ کیا ہے۔