ایڈیشنل ڈی سی پی کی موجودگی میں جرنلسٹ کو جان سے مارنے جنگلی یوسف کی دھمکی

Jungli-Yousuf

ساؤتھ ویسٹ زون کے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس اشفاق صدیقی شہر کے روڈی شیٹرس کے مکانوں پر تلاشی کے لئے کل اچانک پہونچے۔ دو میں سے ایک روڈی شیٹر غائب تھا۔ اس روڈی شیٹر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس اور حبیب نگر انسپکٹر کے سامنے ایک صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکی دی۔ ذرائع کے بموجب حبیب نگر کے روڈی شیٹرس قیصر اور محمد یوسف عرف جنگلی یوسف کے مکانوں پر پولیس پہونچی تو مکان میں قیصر تو دستیاب تھا مگر جنگلی یوسف رات دیر گئے مکان سے غائب تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس اشفاق صدیقی اور حبیب نگر انسپکٹر رام بابو اس کے انتظار میں وہیں ٹھہرے رہے۔ کچھ دیر بعد جنگلی یوسف مکان پہونچا اس موقع پر ایک جرنلسٹ ویڈیو لے رہا تھا جنگلی یوسف نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے ویڈیو نہ لینے کا مطالبہ کیا۔ یوسف نے عہدیداروں کے سامنے صحافی کو جان سے ماردینے کی دھمکی دی۔ بعدازاں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے صحافی کو حبیب نگر پولیس اسٹیشن لے جاکر ان سے تحریری شکایت لی۔ جنگلی یوسف کے خلاف مقدمہ درج کرادیا۔ تاہم جنگلی یوسف کی گرفتاری عمل میں ابھی تک نہیں لائی گئی۔ یہاں یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ روڈی شیٹر کی ہمت کی داد دینی چاہئے کہ اُس نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس اور انسپکٹر کے سامنے ایک باعزت شہری کو جان سے مار دینے کی دھمکی دی ہے۔ اس دھمکی کے بعد پولیس عہدیداروں کا ایک روڈی شیٹر کے سامنے وقار کم ہوگیا۔ پولیس نے ملزم روڈی شیٹر جنگلی یوسف کے خلاف کرائم 239/2024 میں آئی پی سی دفعات 294,504,506 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔