تلنگانہ بھر میں جونیر ڈاکٹرس کی ہڑتال، سرکاری اسپتالوں میں طبی خدمات متاثر
تلنگانہ بھر میں جونیرڈاکٹروں کی غیر معینہ مدت کی ہڑتال کے آغاز کے ساتھ ہی پیر کی صبح سرکاری اسپتالوں میں طبی خدمات متاثر رہیں۔ اسٹاف کی کمی کے بحران سے نمٹنے کے لیے تلنگانہ جونیرڈاکٹرس اسوسی ایشن کے اراکین کی جانب سے شروع غیر معینہ مدت کی ہڑتال کی وجہ سے، اسپتال انتظامیہ نے تمام سینئر ڈاکٹرس بشمول ٹیچنگ اسٹاف کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی چھٹیاں منسوخ کرکے اپنے معمول کی ڈیوٹی پر رپورٹ کریں۔ گاندھی اسپتال میں، حکام نے پیر کو آؤٹ پیشنٹ ونگ کو کام کرنے کو یقینی بنانے کی کوشش کی لیکن اس ہڑتال کی وجہ سے 50 سے زیادہ سرجریوں کو ملتوی کرنا پڑا۔پیر کی صبح سے جونیرڈاکٹروں نے احتجاج شروع کردیا اور او پی اور سرجریوں کا بائیکاٹ کیا۔ جونیرڈاکٹروں نے اپنے اسٹائی فنڈ کی باقاعدہ ادائیگی،اسپتالوں میں بہتر سہولیات، اسپتال کے احاطے میں سیکیورٹی اور دیگر مختلف مسائل کے حل کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے نعرے لگائے۔
