بابا صدیقی قتل کیس میں اب ایک اور گرفتار، نیا نام جان کر چونک جائیں گے ، جانئے پوری کنڈلی

ممبئی پولیس نے 12 اکتوبر کو ممبئی میں ہوئے بابا صدیقی قتل کیس میں کیتھل سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ اس ملزم کی عمر صرف 29 سال ہے اور اس کا نام امت ہسام سنگھ کمار بتایا گیا ہے۔ وہ اس معاملے میں 11 واں ملزم ہے۔ اس سے پہلے کیتھل کے رہنے والے شوٹر گرمیل سنگھ (23) کو پولیس نے ممبئی میں موقع سے گرفتار کیا تھا۔ گرمیل کے ساتھ دھرم راج راجیش کشیپ (19) کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بابا صدیقی پر تین شوٹروں نے فائرنگ کی تھی۔ ان میں سے ایک شیوکمار عرف شیوا ابھی تک مفرور ہے۔ دراصل ممبئی پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کیا ہے۔ اس سے پہلے پولیس نے نوی ممبئی میں اسکریپ ڈیلر بھگوت سنگھ کو گرفتار کیا تھا۔ ایسا بتایا گیا کہ اس نے ہتھیار فراہم کرائے تھے اور اسی سے جرم کو انجام دیا گیا۔ حالانکہ اسکریپ ڈیلر راجستھان کا رہنے والا ہے۔ پولس تمام کڑیاں جوڑنے اور پورے معاملے میں تمام ملزمین کو پکڑنے میں مصروف ہے۔ اس میں شبھم سونکر اور محمد ذیشان اختر مفرور بتائے جارہے ہیں۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ بابا صدیقی قتل کیس میں گینگسٹر لارنس بشنوئی کا نام سامنے آرہا ہے۔ اس قتل میں مفرور ملزم محمد ذیشان اختر نے خصوصی کردار ادا کیا تھا۔ ذیشان 15 ماہ تک ہریانہ کی جیل میں بند رہ چکا ہے۔ اس پر ہتھیار فراہم کرنے کا الزام تھا۔ یہیں اس کی ملاقات گرمیل اور امت سے ہوئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ امت اور ذیشان بابا صدیقی کے قتل سے 2 ماہ پہلے ایک ساتھ رہتے تھے۔ ذیشان کی مدد کیتھل کے امت ہسام سنگھ کمار نے کی۔ امت ہسام سنگھ کمار بھی بدمعاش ہے، اس نے ذیشان کو کرنال میں ایک کمرہ کرائے پر دیا تھا، جس میں اس نے اپنے فراری کے دن گزارے۔ اب ممبئی پولیس نے امت کو گرفتار کرکے ملزم بنایا ہے۔
