چراغوں کی روشنی سے جگمگ ہوگا وہائٹ ہاؤس، ہندوستانی امریکیوں کے ساتھ دیوالی منائیں گے صدر جو بائیڈن

1011731705

امریکی صدر جو بائیڈن پیر کی شام وائٹ ہاؤس میں ملک بھر سے بڑی تعداد میں ہندوستانی امریکیوں کے ساتھ دیوالی منائیں گے۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ گزشتہ برسوں کی روایت کو جاری رکھتے ہوئے، صدر اپنے خطاب سے پہلے بلیو روم میں ایک چراغ روشن کریں گے، اس کے بعد وہ ہندوستانی امریکیوں کے ایک اجتماع سے خطاب کریں گے جن کے لیے وہ ایک استقبالیہ کی میزبانی کر رہے ہیں۔ یہ وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن کی دیوالی کی آخری تقریب ہوگی کیونکہ وہ صدارتی انتخاب نہیں لڑ رہے ہیں۔وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”صدر کی تقریر میں امریکی خلائی ایجنسی ‘ناسا’ کی ممتاز خلاباز اور ریٹائرڈ نیوی کیپٹن سنیتا ‘سنی’ ولیمز کا ویڈیو پیغام شامل ہوگا۔ انہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس)سے ایک مبارکبادی ویڈیو ریکارڈ کی، جہاں انہوں نے ستمبر میں کمانڈر کا عہدہ سنبھالا تھا۔ بیان میں کہا گیا ہے، سنی ہندو مذہب کو ماننے والی ہیں اور انہوںنے پہلے بھی آئی ایس ایس کی طرف سے دنیا بھر کے لوگوں کو دیوالی کی مبارکبادیں بھیجی ہیں۔ وہ اپنی وراثت کا جشن منانے کے لئے کئی ہندوستانی/ہندو ثقافتی اشیا اور علامتوں کے ساتھ ISS میں ہیں، جن میں سموسے سے لے کر اپنشدوں اور بھگواد گیتا کی کاپیاں شامل ہیں۔