بی جے پی ملک میں زعفرانی ایجنڈہ پر عمل آوری کی خواہاں

n6493127931737934066666cbee7a4c8a07cc2b30ee01e1dd6c6b29614d4a41f780dd9a47bcdb9e100a7d6a

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے یوم جمہوریہ کے موقع پر گاندھی بھون میں قومی پرچم لہرایا اور مجاہدین آزادی کو خراج پیش کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی تصاویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ رکن راجیہ سبھا انیل کمار یادو، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور سکریٹری اے آئی سی سی ومشی چند ریڈی کے علاوہ مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین اور پردیش کانگریس کمیٹی کے قائدین اس موقع پر موجود تھے۔ مہیش کمار گوڑ نے خطاب کرتے ہوئے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ ملک میں دستور کا تحفظ ایک اہم مسئلہ ہے اور عوام کو اپنی ذمہ داری محسوس کرنی چاہیئے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی ملک میں زعفرانی ایجنڈہ پر عمل آوری کی کوشش کررہی ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر کا تیار کردہ دستور پس پشت ڈال کر فرقہ وارانہ ایجنڈہ کو نافذ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پارلیمنٹ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کی جانب سے ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین سے عزائم واضح ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر بنڈی سنجے فلاحی اسکیمات کے نام کو اندرا گاندھی سے موسوم کرنے کی مخالفت کررہے ہیں۔ ان کا یہ بیان مجاہدین آزادی اور قومی قائدین کی توہین ہے۔ تلنگانہ میں کانگریس نے عوامی حکومت قائم کی ہے جبکہ بی آر ایس نے دس سال تک عوام کو نظرانداز کردیا تھا۔ بی آر ایس کے دور میں ایک بھی راشن کارڈ جاری نہیں کیا گیا اور نہ مکانات تعمیر کئے گئے۔ کانگریس حکومت نے چھ ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کردیا ہے اور آج سے راشن کارڈز، اندراماں ہاؤزنگ، رعیتو بھروسہ اور اندراماں آتمیا بھروسہ اسکیمات کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ عوام کے ساتھ رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی۔ حیدرآباد میں میٹرو ٹرین کا توسیعی منصوبہ ایک اہم پیش رفت ہے اور اس پراجکٹ کے ذریعہ حیدرآباد میں نمایاں ترقی ہوگی۔