شام میں کار بم دھماکہ : 15 افراد جاں بحق

n65045938717386246779008cb30263f98624f1cf3285cc080dbadef003b19f4c143a972300bdd83de60c20

شام کے شمالی شہر منبج کی نواحی شاہراہ پر کار بم دھماکے میں 14 خواتین سمیت 15 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 15 خواتین زخمی ہوگئیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شام کے محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ دھماکے میں جاں بحق 14 اور زخمی ہونے والی تمام خواتین کسان تھیں، کسی گروپ نے فوری طور پر کار بم دھماکے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ ‘سانا’ کے مطابق علاقے میں 3 روز میں ہونے والا یہ دوسرا کار بم دھماکا ہے۔ ہفتہ کو منبج کے مرکز میں کیے گئے کار بم دھماکے میں 4 شہری جاں بحق اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔واضح رہے کہ منبج شہر ترک سرحد کے جنوب میں 30 کلومیٹر کے فاصلے پر دریائے فرات کے مغرب میں واقع ہے۔ اس سے قبل ہفتے کو شام کے ایک گاؤں میں مسلح افراد نے 10 افراد کو گولی مار کر قتل کر دیا۔اے ایف پی نے شام میں انسانی حقوق کے مبصر گروپ کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ شمالی حما میں علوی فرقے سے تعلق رکھنے والے افراد کے گاؤں ارزا میں مسلح افراد کے حملے میں 10 شہری مارے گئے۔مبصر گروپ نے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے گاؤں میں گھروں کے دروازوں پر دستک دی پھر سائلینسر سے لیس ہینڈ گن استعمال کرتے ہوئے لوگوں پر گولیاں چلا دیں، جس کے بعد وہ فرار ہو گئے۔ایک رہائشی نے بتایا تھا کہ 2 گاڑیوں میں 7 بندوق بردار افراد گاؤں میں داخل ہوئے اور ہتھیاروں کے معائنے کے بہانے گھروں کو نشانہ بنایا۔ایک رہائشی نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ مسلح افراد نے مردوں کو گھروں سے باہر نکالا اور پہلے انہیں زبردستی گھٹنوں کے بل بیٹھنے پر مجبور کیا اور پھر بے رحمی سے قتل کر دیا۔