محکمہ اقلیتی بہبود کی اسکیمات کیلئے 294 کروڑ 20 لاکھ کی اجرائی

تلنگانہ حکومت نے مالیاتی سال 2024-25 کے چوتھے سہ ماہی کے تحت محکمہ اقلیتی بہبود کو 294 کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار روپئے منظور کیا ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تفسیر اقبال آئی پی ایس نے جی او آر ٹی 71 جاری کیا جس کے تحت اقلیتی بہبود کی مختلف اسکیمات کے لئے بجٹ کی نشاندہی کی گئی ہے۔ چوتھے سہ ماہی کے بجٹ کی منظوری سے مالیاتی سال کے دوران اقلیتی بہبود کے لئے الاٹ کردہ بجٹ کی اجرائی مکمل ہوجائے گی۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ اسکیم کے لئے 7 کروڑ 50 لاکھ کی منظوری دی گئی ہے۔ بینکوں سے مربوط سبسیڈی اسکیم کے لئے 75 کروڑ روپئے منظور کئے گئے۔ اقلیتی فینانس کارپوریشن کی گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 37.50 کروڑ کی منظوری دی گئی۔ اقلیتی طلبہ کے اسکالرشپ کے لئے 30 کروڑ منظور کئے گئے جبکہ فیس بازادائیگی اسکیم کے لئے 75 کروڑ کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ اُردو گھر، شادی خانوں کی تعمیر کے لئے 3 کروڑ، میناریٹی اسٹڈی سرکل کی اسکیمات کے لئے ایک کروڑ، چیف منسٹر اوورسیز اسکالرشپ اسکیم کے لئے 32.50 کروڑ منظور کئے گئے۔ دائرۃ المعارف عثمانیہ یونیورسٹی کے لئے 75 لاکھ، اُردو اکیڈیمی کی گرانٹ اِن ایڈ کے طور پر 29.3 لاکھ ، ائمہ اور مؤذنین کے ماہانہ اعزازیہ کے لئے 30 کروڑ، سنٹر فار ایجوکیشنل ڈیولپمنٹ آف میناریٹیز کے لئے 75 لاکھ ، مکہ مسجد اور شاہی مسجد کی مرمت اور مینٹیننس کے لئے 82.5 لاکھ کی منظوری دی گئی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے لئے بجٹ میں 1176.81 کروڑ مختص کئے گئے تھے اور چوتھے سہ ماہی کی اجرائی سے مکمل بجٹ اسکیمات کے لئے جاری کردیا گیا ہے۔ محکمہ فینانس کے پرنسپل سکریٹری سندیپ کمار سلطانیہ نے علیحدہ احکامات جاری کرتے ہوئے محکمہ اقلیتی بہبود کیلئے 294 کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار کی اجرائی کی توثیق کی ہے۔
