ٹرانسپورٹ کمشنر کا ڈوڈہ دورہ، ٹریفک نظام کا جائزہ لیا

جموں صوبے کے ٹرانسپورٹ کمشنر وشیش پال مہاجن کے دورۂ اے آر ٹی او دفتر ڈوڈہ کے دوران انتظامی سطح پر اہم تبدیلیاں کی گئیں۔ معائنے کے دوران، انہوں نے ایک دہائی سے منسلک چھ این وائی کے ملازمین کو دفتر سے ہٹا دیا۔اس موقع پر مہاجن نے ملازمین سے تبادلہ خیال کیا اور میڈیا کو اہم امور سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ڈوڈہ میں ڈرائیونگ ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے، جس کے بعد مقامی افراد کو بھدرواہ کا سفر کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس اقدام سے عوام کو نہ صرف سہولت حاصل ہوگی بلکہ وقت اور وسائل کی بھی بچت ہوگی۔کمشنر نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے محکمہ ٹرانسپورٹ کو ہدایت دی کہ قواعد کی مکمل پاسداری یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی قوانین کی پابندی کرنے اور محفوظ ڈرائیونگ اپنانے کی اپیل کی۔واضح رہے کہ اے آر ٹی او دفتر ڈوڈہ میں گاڑیوں کی رجسٹریشن، ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا اور ٹیکس وصولی سمیت مختلف امور انجام دیے جاتے ہیں۔
