موسم گرما میں برقی کی موثر سربراہی کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت

تلنگانہ کے برقی اداروں نے موسم گرما کی آمد سے قبل ہی برقی سربراہی کو بہتر بنانے کیلئے ضروری اقدامات کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ ٹرانسکو اور پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کے عہدیداروں کا آج مشترکہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ہر سال برقی طلب میں اضافہ کے پیش نظر موسم گرما کیلئے ایکشن پلان تیار کرنے سے اتفاق کیا گیا ۔ ڈسکام اور ٹرانسکو کے عہدیدار بہتر تال میل کے ذریعہ موسم گرما میں کسی رکاوٹ کے بغیر موثر برقی سربراہی کو یقینی بنائیں گے۔ سدرن پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی کے صدرنشین و مینجنگ ڈائرکٹر مشرف فاروقی آئی اے ایس نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ موسم گرما کے لئے ابھی سے ایکشن پلان تیار کیا جائے تاکہ برقی طلب کے مطابق سربراہی عمل میں لائی جاسکے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ سمر ایکشن پلان جاریہ ماہ کے اواخر تک تیار کرلیا جائے گا ۔ جائزہ اجلاس میں ٹرانسکو اور ڈسکامس کے ڈائرکٹرس ، چیف انجنیئرس اور سپرنٹنڈنگ انجنیئرس شریک تھے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ آئندہ سال برقی طلب میں 19500 میگا واٹ سے بڑھ کر 20,000 میگا واٹ کا اضافہ ہوسکتا ہے۔ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں برقی طلب 5000 میگا واٹ تک پہنچ جائے گی۔ برقی طلب سے نمٹنے کیلئے 3866 اضافی طورپر ڈسٹریبیوشن ٹرانسفارمس اور 431 پاور ٹرانسفارمرس قائم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز ، مادھا پور ، منی کنڈہ ، گچی باؤلی ، میڑچل ، شیورام پلی ، پٹن چیرو، آر سی پورم ، بلارم اور نرسا پور میں سب اسٹیشنوں کے تحت ٹرانسفارمرس کی صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مشرف فاروقی نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں پہلی مرتبہ 1000 KV صلاحیت ٹرانسفارمرس نصب کئے جائیں گے۔ فی الوقت 500KV کے ڈسٹری بیوشن ٹرانسفارمرس ہیں جنہیں زائد صلاحیت سے تبدیل کیا جائے گا۔ گریٹر حیدرآباد میں 33/11KV سب اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں موسم گرما میں برقی طلب میں اضافہ ہوگا۔ اجلاس میں ٹرانسکو کے ڈائرکٹرس سمپت کمار ، شریمتی لتا ونود ، ڈسکام کے ڈائرکٹرس ڈاکٹر نرسمہلو ، شیواجی ، ٹرانسکو کے چیف انجنیئرس چرنجیوی ، واسو دیو راؤ ، ڈسکام کے چیف انجنیئرس نرسمہا سوامی ، بالا سوامی اور دوسروں نے شرکت کی.
