رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف انحراف معاملہ میں تحقیقات 18 فروری تک ملتوی

nagender

اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی جی پرساد کمار نے خیریت آباد رکن اسمبلی ڈی ناگیندر کے خلاف دائر کی گئی درخواستوںکی سماعت کی۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی اور بی جے پی رکن اسمبلی مہیشور ریڈی نے انسداد انحراف قانون کے تحت ناگیندر کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دینے کی اپیل کرتے ہوئے اسپیکر کو درخواست دی ہے۔ اسپیکر نے ڈی ناگیندر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحقیقات کیلئے آج حاضر رہنے کی ہدایت دی تھی۔ اسمبلی میں واقع اپنے چیمبر میں اسپیکر نے جانچ کا آ غاز کیا۔ اس مرحلہ پر بی جے پی رکن اسمبلی مہیشور ریڈی نے اسپیکر سے درخواست کی کہ مجالس مقامی کے انتخابات کے پیش نظر سماعت کی تاریخ ملتوی کی جائے ۔ اسپیکر نے آئندہ سماعت 18 فروری کو مقرر کی ہے۔ بی آر ایس رکن اسمبلی کوشک ریڈی اور ان کے وکلاء تحقیقات کے موقع پر موجود تھے ۔ رکن اسمبلی ڈی ناگیندر بھی اپنے وکلاء کے ساتھ حاضر ہوئے لیکن باقاعدہ سماعت نہیں ہوپائی۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے انحراف کے الزامات کا سامنا کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف شکایتوں کی جانچ کے لئے اسپیکر کو جو مہلت دی تھی وہ کل 31 جنوری کو ختم ہورہی ہے، لہذا اسپیکر نے مہلت سے ایک دن قبل ہی تحقیقات کا فیصلہ کیا۔ 10 ارکان اسمبلی کے خلاف انحراف کی شکایت کی گئی جن میں سے 8 کے معاملہ میں تحقیقات کرتے ہوئے اسپیکر نے انحراف کی شکایتوں کو مسترد کردیا ۔ ڈی ناگیندر اور کڈیم سری ہری کے معاملہ میں تحقیقات اور اسپیکر کا فیصلہ باقی ہے ۔