الیکشن کمشنر آندھراپردیش کی تلنگانہ کمیشن کے دفتر میں آمد

Pp37

آندھراپردیش کی اسٹیٹ الیکشن کمشنر شریمتی نیلم ساہنی آئی اے ایس نے آج تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچ کر بلدی چناؤ کی رائے شماری کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ویب کاسٹنگ کے ذریعہ رائے شماری کے مراکز کے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ تلنگانہ اسٹیٹ الیکشن کمشنر شریمتی رانی کمودنی نے آندھراپردیش کی ہم منصب کو رائے دہی اور رائے شماری کے انتظامات سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل کیا گیا جس کے نتیجہ میں کسی بھی بوتھ پر دوبارہ رائے دہی نہیں ہوئی۔ انہوں نے پولیس اور دیگر محکمہ جات کے موثر انتظامات کی تفصیلات پیش کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈی جی پی مہیش بھاگوت ، کمشنر جی ایچ ایم سی آر وی کرنن ، ڈاکٹر این سوریا نارائن آئی اے ایس ، لنگا نائک آئی اے ایس اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ اسٹیٹ الیکشن کمشنر نے ویب کاسٹنگ کے ذریعہ تمام اضلاع میں جاری رائے شماری کا جائزہ لیا اور وقتاً فوقتاً ضلع کلکٹرس سے بات چیت کی ۔