تلنگانہ میں بی آر ایس کے دوبارہ اقتدار کا کوئی امکان نہیں : مہیش کمار گوڑ

TOP_18-7

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا اور صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے آج کھمم ضلع کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں کی حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔ کارکنوں نے ڈپٹی چیف منسٹر اور صدر پردیش کانگریس کا شاندار استقبال کیا اور اُنھیں بڑی ریالی کی شکل میں ضلع کانگریس دفتر لیجایا گیا۔ اِس موقع پر پارٹی کے تنظیمی استحکام اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرانے کی کارکنوں سے اپیل کی گئی۔ بھٹی وکرامارکا نے اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کانگریس نے جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کے علاوہ آزادی کے بعد ملک کی تعمیر نو میں غیر معمولی رول ادا کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ گزشتہ 10 برسوں سے مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی کا جدوجہد آزادی اور ملک کی ترقی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اُنھوں نے ضلع کانگریس کمیٹی میں عہدوں کے حصول پر قائدین کو مبارکباد پیش کی اور کہاکہ ہر قائد اور کارکن کی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات کو عوام تک پہونچائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ راشن کارڈ پر باریک چاول کی مفت سربراہی کانگریس حکومت کا کارنامہ ہے جو ہندوستان کی کسی بھی ریاست میں نہیں ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہر مستحق اور غریب خاندان کو اندراماں ہاؤزنگ کے تحت مکان منظور کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس نے بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ کے ٹی آر کو کانگریس پر تنقید سے قبل اپنی بہن کے الزامات کا جواب دینا چاہئے۔ کے ٹی آر کی جانب سے پدیاترا کے اعلان کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہاکہ پدیاترا سے کانگریس کو کوئی فرق نہیں پڑے گا اور تلنگانہ عوام بی آر ایس کو مسترد کرچکے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ پدیاترا میں کے ٹی آر کو چاہئے کہ وہ اپنے 10 سالہ دور حکومت کی ناکامیوں کی عوام سے وضاحت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ کھمم ضلع کانگریس کا مضبوط قلعہ ہے اور بی آر ایس کی مخالف مہم سے پارٹی کے امکانات متاثر نہیں ہوں گے۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی اور رکن پارلیمنٹ آر رگھورام ریڈی نے مخاطب کیا۔