اویسی برادرس پر منو اسمرتی نظریات پر عمل پیرا ہونے کا الزام

7-copy

صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سید خال سیف اللہ نے الزام عائد کیا کہ اویسی برادرس اور منو اسمرتی کے نظریات میں کوئی فرق نہیں ہے۔ خالد سیف اللہ پرانے شہر کے اپو گوڑہ اسٹیشن روڈ پر نرسنگ نگر میں امبیڈکر جینتی تقاریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی اپیل پر یہ پروگرام منعقد کیا گیا جس میں بڑی تعداد میں پرانے شہر کے قائدین اور کارکنوں نے شرکت کی ۔ خالد سیف اللہ نے کہا کہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر نے مساوات اور انصاف کے اصولوں کا درس دیا ہے۔ ڈاکٹر امبیڈکر نے سماجی انصاف اور سماج میں کمزور طبقات کو یکساں طور پر مقام دلانے کیلئے جدوجہد کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نظام جہاں چند افراد کا کنٹرول ہو، وہ دستور کے برخلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی قیادت کا دم بھرنے والے قائدین کے خاندان کا مکمل کنٹرول ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ اویسی برادرس بھی منو اسمرتی نظریات پر عمل پیرا ہیں اور عوام میں یہ غلط فہمیاں پائی جاتی ہیں کہ ان کے خلاف کوئی دوسرا کامیابی حاصل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کو محض چند افراد تک محدود کردیا گیا ہے ۔ ڈاکٹر امبیڈکر اس نظریہ کے خلاف تھے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ خاندانی تسلط کے خلاف آوام اٹھائیں اور یکساں حصہ داری کو یقینی بنائیں۔ کانگریس پارٹی تمام طبقات کی یکساں نمائندگی کے حق میں ہے۔ اس موقع پر دستور ہند کے معمار ڈاکٹر امبیڈکر کو خراج پیش کیا گیا۔ قائدین نے دستور ہند کی تیاری میں ڈاکٹر امبیڈکر کے اہم رول کو سراہا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ امبیڈکر کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے سماج میں تمام طبقات کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائیں۔