مرکز ‘دھان کی خریدی کے بقایہ جات فوری جاری کرے

چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر سیول سپلائیز اتم کمار ریڈی کے ہمراہ مرکزی وزیر سیول سپلائیز پراہلاد جوشی سے نئی دہلی میں ملاقات کی۔ مرکزی وزیر سے درخواست کی گئی کہ ربیع سیزن کے دوران تلنگانہ سے 30 لاکھ میٹرک ٹن ابلے ہوئے چاول خریدے گئے۔ چیف منسٹر نے مرکزی وزیر کو بتایا کہ ربیع سیزن کے دھان کی فصل بوائلڈ رائس کیلئے موزوں ہوتی ہیں۔ گزشتہ 6 ربیع سیزنس میں رائس ملز سے ابلے ہوئے چاول کی فراہمی کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ مرکزی وزارت غذا اور عوامی تقسیم کے عہدیداروں نے بوائلڈ رائس کی سربراہی میں اضافہ کی تجویز پیش کی ۔ ملک میں بوائلڈ رائس کے بڑھتے مطالبہ کو دیکھتے ہوئے تلنگانہ سربراہی کیلئے تیار ہے ۔ چیف منسٹر نے پراہلاد جوشی کو بتایا کہ 90 لاکھ میٹرک ٹن دھان کی پیداوار کی جاریہ ربیع سیزن میں امید کی جارہی ہے۔ چیف منسٹر اور وزیر سیول سپلائیز نے کہا کہ تلنگانہ 30 لاکھ میٹرک ٹن ابلے چاول کو سربراہ کرنے تیار ہے۔ مرکزی وزیر پراہلاد جوشی نے تجویز سے اصولی اتفاق کیا۔ چیف منسٹر اور وزیر سیول سپلائیز نے مرکزی وزیر سے اپیل کی کہ 2014-15 خریف سیزن سے تلنگانہ کو ادا شدنی بقایہ جات 1468.94 کروڑ جاری کئے جائیں۔ مرکزی وزیر کو بتایا گیا کہ تلنگانہ ملک کی سب سے زیادہ دھان پیدا کرنے والی ریاست ہے۔ حکومت نے دھان کی پیداوار پر کسانوں کے بینک اکاؤنٹس میں امدادی رقم جمع کرادی ہے۔ سیول سپلائیز ڈپارٹمنٹ کو درپیش معاشی چیلنجس کے پیش نظر چیف منسٹر نے مرکز سے خواہش کی کہ بقایہ جات جلد جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اسکولس اور ہاسٹلس میں طلبہ کو صحت بخش غذا سربراہ کرنے اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر دہلی میں تلنگانہ کے نمائندے جتیندر ریڈی ، سکریٹری کوآرڈینیشن ادویت سنگھ اور مرکزی وزارت غذا اور عوامی تقسیم کے عہدیدار موجود تھے۔
