ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کی مداخلت پر برقی ملازمین ہڑتال سے دستبردار

17last_2

ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے تیقن پر الیکٹریسٹی آرٹیزنس جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے ہڑتال سے دستبرداری اختیار کرلی۔ جے اے سی کے صدرنشین ستیش ریڈی کی قیادت میں الیکٹریسٹی ایمپلائیز کے نمائندوں نے بھٹی وکرمارکا سے ملاقات کی اور دیرینہ حل طلب مسائل سے واقف کرایا۔ بھٹی وکرمارکا نے صدر نشین و مینجنگ ڈائرکٹر تلنگانہ ٹرانسکو کو ہدادیت دی کہ وہ ملازمین کے مسائل کا جائزہ لیں۔ جے اے سی نے ڈپٹی چیف منسٹر سے اظہار تشکر کیا جنہوں نے فوری عہدیداروں کو ہدایت دیتے ہوئے مطالبات کی یکسوئی کی راہ ہموار کی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ برقی ملازمین کو عوام کا اعتماد حاصل کرنا چاہئے تاکہ ریاست میں برقی پیداوار اور سربراہی میں بہتری ہو۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی ستائش حاصل کرکے محکمہ کا نام روشن کیا جاسکتا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ برقی شعبہ میں ہڑتال پر پابندی ہے اور موسم گرما میں برقی طلب میں اضافہ کو دیکھتے ہوئے ملازمین کو ہڑتال سے گریز کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعہ مسائل کی یکسوئی ممکن ہے۔ بھٹی وکرمارکا نے تیقن دیا کہ برقی آرٹیزنس کے مسائل کا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر حکومت جائزہ لے گی۔ حکومت برقی ملازمین کی یونینوں سے مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ اور ملازمین کے مسائل کے حل میں سنجیدہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسکو کے صدرنشین اور مینجنگ ڈائرکٹر ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے بات کرکے مسائل کا حل تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مطالبات جن سے سرکاری خزانہ پر اضافی بوجھ نہیں پڑیگا، انکی فی الفور یکسوئی کی جائے گی۔