ڈیجیٹل نیوز ، مطالعہ کے ذریعہ خبروں کے حصول کو ترجیح

دنیا بھر میں خبروں کی ترسیل میں ڈیجیٹل میڈیا عوام کیلئے زیادہ پسندیدہ اور آسان ذریعہ بن چکا ہے ۔ حالیہ سروے کے مطابق کئی ممالک ایسے ہیں جہاں عوام خبروں کا مطالعہ کرتے ہوئے دنیا بھر کی معلومات حاصل کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ہندوستان کا شمار ان ممالک میں ہے جہاں عوام خبروں کو پڑھنے سے زیادہ دیکھنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ سروے میں بتایا گیا ہے کہ خبروں سے متعلق ویڈیو اور آڈیو کو ہندوستان ، میکسیکو اور فلپائن میں ترجیح دی جارہی ہے ۔ ڈیجیٹل خبروں کے مطالعہ، دیکھنے اور سننے کے بارے میں سروے رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں 50 فیصد عوام کی ترجیح خبروں کو پڑھنے میں ہے جبکہ 31 فیصد لوگ خبروں کو دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ سماعت کے معاملہ میں 15 فیصد عوام نے اپنی ترجیح درج کرائی ہے۔ ناروے میں 76 فیصد عوام مطالعہ کے ذریعہ خبروں کے حصول میں دلچسپی رکھتے ہیں جبکہ 15 فیصد نے خبروں کے مشاہدہ اور 9 فیصد نے سماعت کو ترجیح دی ہے۔ برطانیہ میں 73 فیصد افراد کی ترجیح خبروں کے مطالعہ میں ہے جبکہ 16 فیصد مشاہدہ کو ترجیح دیتے ہیں۔ جرمنی میں 65 فیصد ، امریکہ 60 فیصد اور جاپان میں 48 فیصد عوام کی ترجیح خبروں کو پڑھنے میں دکھائی دی ہے۔ ہندوستان میں پڑھنے سے زیادہ دیکھنے کا رجحان پایا گیا ہے۔ 38 فیصد افراد ڈیجیٹل نیوز کا مطالعہ کرتے ہیں جبکہ 40 فیصد مشاہدہ اور 23 فیصد سماعت کرتے ہیں۔ میکسیکو اور فلپائن میں ہندوستان کی طرح خبروں کے مشاہدہ کو ترجیح دیتے ہیں۔ ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور میں دنیا کے اہم ممالک کی ترجیحات مختلف ہیں۔
