پٹرول کیلئے عوام کا ہجوم ایندھن کی قلت کے اندیشے کا نتیجہ

حکومت اور محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے پٹرول و ڈیزل کے وافر مقدار میں موجودگی کی اطلاع دیئے جانے کے باوجود آج دوسرے دن بھی دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی پٹرول پمپس پر موٹر سیکل رانوں کے علاوہ کاروں کی طویل قطاریں دیکھی جانے لگی ہیں ۔ محکمہ سیول سپلائز کے عہدیداروں کا کہناہے کہ دونوں شہروں میں پٹرول پمپس پر عوام کا اژدہام دراصل ’خوف کے عالم‘ میں کی جانے والی خریداری کا نتیجہ ہے ۔ پٹرول پمپ مالکین کا کہناہے کہنا ہے کہ انہیں تیل کمپنیوں کی جانب سے درکار مقدار میں ایندھن کی سربراہی نہ کئے جانے کے نتیجہ میں وہ ’نو اسٹاک‘ کے بورڈ آویزاں کرنے پر مجبور ہونے لگے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق دونوں شہروں میں رات کے اوقات میں پٹرول پمپ کو بند رکھنے کی تاکید کے بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے اور عوام میں یہ افواہ تیزی سے گشت کرنے لگ گئی کہ ایندھن کی قلت کے نتیجہ میں پٹرول پمپس بند کئے جانے لگے ہیں۔ ریاستی حکومت کے متعلقہ محکمہ جات میں خدمات انجام دینے والے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں درکار پٹرول و ڈیزل کی کوئی قلت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود پٹرول پمپ پر عوام کے اژدہام کی وجوہات کا جائزہ لیا جا رہاہے ۔ پٹرول پمپ مالکین کی جانب سے تیل کمپنیوں پر عائد کئے جانے والے الزامات کے متعلق تیل کمپنیوں نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے پاس موجود ایندھن کے ذخیرہ کی فروخت کے لئے تیار ہیں اور جن پٹرول اور ڈیزل ڈیلرس سے آرڈرس وصول ہورہے ہیں نہیں ٹینکرس کی سربراہی میں کوئی کوتاہی نہیں کی جا رہی ہے۔بتایاجاتاہے کہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے پٹرول پمپس پر طویل قطاروں میں موجود عوام پٹرول اور ڈیزل حاصل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرنے لگے ہیں کیونکہ دونوں شہروں میں شدید گرمی کے دوران انہیں کئی کئی گھنٹوں تک پٹرول پمپ پر قطار میں کھڑا ہونا پڑرہا ہے۔ عوام میں بھی یہ بات گشت کرنے لگی ہے کہ مرکزی حکومت اگر پٹرول کی قیمت میں اضافہ کرتی ہے تو ایسی صورت میں تیل کمپنیاں بھاری منافع حاصل کرنے کے لئے مصنوعی قلت پیدا کرنے لگی ہیں لیکن تیل کمپنیوں کے ذمہ داروں نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایندھن کی قیمتوں میں اچانک اضافہ کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں بھی تیل کمپنیوں کو کوئی بے تحاشہ فائدہ حاصل نہیں ہوتا اسی لئے ا س طرح کے الزامات عائد کرنا درست نہیں ہے۔دونوں شہروں کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میں پٹرول اور ڈیزل کی قلت کی توثیق کی جا رہی ہے لیکن حکومت کی جانب سے ریاست میں درکار ذخیرہ کی موجودگی کا دعویٰ کیا جارہا ہے۔
