تلنگانہ ایس ایس سی امتحانات میں 95.15 فیصد امیدوار کامیاب

تلنگانہ میں سکنڈری اسکول سرٹیفکٹ (ایس ایس سی) امتحانات مارچ 2026 کے نتائج جاری کردیئے گئے جس میں 95.15 فیصد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ گزشتہ سال کے مقابلہ اس سال نتیجہ 3 فیصد زائد رہا۔ گزشتہ سال کامیاب امیدواروں کا فیصد 92.78 ریکارڈ کیا گیا تھا۔ حکومت کے مشیر برائے عوامی امور ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے ایس ایس سی نتائج جاری کئے۔ نتائج میں لڑکیوں کو سبقت حاصل رہی۔ لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد 96.26 فیصد رہا جبکہ لڑکے 94.07 فیصد کامیاب رہے۔ تلنگانہ کے 5731 اسکولوں کا نتیجہ صد فیصد رہا جبکہ 6 اسکولوں کے نتائج صفر رہے۔ ملگ ضلع 99.30 فیصد نتیجہ کے ساتھ 33 اضلاع میں سرفہرست رہا جبکہ حیدرآباد 89.23 فیصد کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔ سوشیل ویلفیر اقامتی اسکولوں کا نتیجہ دیگر اداروں کے مقابلہ بہتر رہا اور سوشیل ویلفیر اقامتی اسکولس کے 99.1 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ بعض امیدواروں کے نتیجہ کو روک دیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول یا اسپاٹ ایوالویشن کیمپ یا امتحانی مرکز سے بعض تفصیلات حاصل نہیں ہوئیں جس کے نتیجہ میں امیدواروں کو کچھ دن تک انتظار کرنا پڑے گا۔ سکریٹری محکمہ تعلیم یوگیتا رانا اور ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن نوین نکولس نتائج کی اجرائی کے موقع پر موجود تھے۔ جاریہ سال 14 مارچ تا 16 اپریل خصوصی امتحانات کا انعقاد عمل میں آیا اور جملہ 528239 امیدواروں نے امتحان میں شرکت کی اور 497312 امیدوار کامیاب رہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جن 6 اسکولوں کا نتیجہ صفر رہا، وہ خانگی اسکولس ہیں۔ نتائج کی اجرائی کے ساتھ ہی محکمہ تعلیم نے امیدواروں کو نتائج سے واقفیت کیلئے کئی ویب سائیٹ جاری کئے اور واٹس ایپ پر بھی نتیجہ پیش کیا گیا۔ گزشتہ سال ایس ایس سی امتحانات میں 496374 امیدواروں نے شرکت کی تھی جن میں 250345 لڑکے اور 246029 لڑکیاں شامل تھیں۔ جملہ 460519 امیدوار کامیاب ہوئے جن کا مجموعی فیصد 92.78 رہا تھا۔ گزشتہ سال 94.26 فیصد لڑکیاں اور 91.32 فیصد لڑکے کامیاب ہوئے تھے۔ تلگو میڈیم طلبہ کا نتیجہ 89.14 فیصد رہا جبکہ انگلش میں میڈیم طلبہ 95.86 فیصد اور اردو میڈیم طلبہ 86.71 فیصد کامیاب رہے۔ سرکاری اسکولوں کے نتائج 86.18 فیصد ہیں جبکہ ضلع پریشد اسکولوں میں 93.53 فیصد امیدوار کامیاب ہوئے۔ ماڈل اسکولس کا نتیجہ 97.83 فیصد رہا۔ تلنگانہ کے خانگی اسکولوں کے 95.81 فیصد امیدوار کامیاب رہے۔ 2065 ضلع پریشد اسکولوں کا نتیجہ صد فیصد رہا۔1/k
ایس ایس سی اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات کا 5 جون سے آغاز
حیدرآباد ۔29۔ اپریل (سیاست نیوز) بورڈ آف سکنڈری ایجوکیشن نے ایس ایس سی امتحانات کے اڈوانسڈ سپلیمنٹری اور امتحانی پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کا شیڈول جاری کیا ہے۔ اڈوانسڈ سپلیمنٹری امتحانات 5 تا 12 جون منعقد ہوں گے۔ طلبہ کو امتحانی تیاریوں کا موقع فراہم کرنے کیلئے ایک ماہ سے زائد کا وقت دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق روزانہ صبح 9.30 تا 12.30 بجے امتحان رہے گا۔ سپلیمنٹری امتحانات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 30 اپریل سے 14 مئی تک فیس داخل کرسکتے ہیں۔ امتحانی پرچہ جات کی ری کاؤنٹنگ کے لئے درخواستیں دی جاسکتی ہیں اور ہر مضمون کے لئے 500 روپئے فیس مقرر کی گئی ہے ۔ پرچہ جات کی دوبارہ جانچ کیلئے 30 اپریل تا 14 مئی درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔
