یوم تاسیس تلنگانہ کا 2 جون کو بڑے پیمانے پر انعقاد

revent-reddy (1)

تلنگانہ حکومت نے 2 جون کو ریاست بھر میں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب کے بڑے پیمانہ پر انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور اِس سلسلہ میں تمام محکمہ جات کو ہدایات جاری کی گئیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری وکاس راج نے مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ سکریٹریٹ میں یوم تاسیس تقاریب کا جائزہ لیا۔ ضلع کلکٹرس کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ ہدایات دی گئیں۔ وکاس راج نے بتایا کہ حکومت نے یوم تاسیس تلنگانہ کی مرکزی تقریب پریڈ گراؤنڈ سکندرآباد پر منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی شہیدان تلنگانہ کی یادگار پر خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پریڈ گراؤنڈ پر قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے۔ وکاس راج نے تمام سرکاری محکمہ جات کو ہدایت دی کہ پریڈ گراؤنڈ کے انتظامات کے سلسلہ میں ہر محکمہ سے ایک نوڈل آفیسر کا تقرر کیا جائے۔ اہم شخصیتوں کے گزرنے کے راستوں پر ٹریفک کو باقاعدہ بنانے کی ہدایت دی گئی۔ یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کرنے والوں کے لئے پارکنگ کے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے۔ اُنھوں نے پریڈ گراؤنڈ کے اطراف کے علاقوں میں ٹریفک کے بہتر بہاؤ کو یقینی بنانے کی ہدایت دی۔ پریڈ گراؤنڈ کی تقریب میں شرکت کرنے والے افراد کو بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ یوم تاسیس تلنگانہ کو سرکاری تہوار کی شکل میں عظیم الشان پیمانہ پر منانے کی ہدایت دی گئی۔ تقریب کے دوران برقی کی بلاوقفہ سربراہی کے لئے انرجی ڈپارٹمنٹ کو ہدایت دی گئی۔ اہم سرکاری عمارتوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا جائے گا جن میں اسمبلی، سکریٹریٹ، چارمینار، پرجا بھون اور دیگر اہم عمارتیں شامل ہیں۔ تقاریب کو عوام کی سہولت کے لئے براہ راست ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔ انتظامات کے سلسلہ میں 25 مئی کو محکمہ جات پریڈ گراؤنڈ کو اپنی تحویل میں لیں گے۔ اضلاع میں انچارج منسٹرس قومی پرچم لہرائیں گے۔ اجلاس میں اسپیشل چیف سکریٹری نوین متل، پرنسپل سکریٹری ہوم شیکھا گوئل، سکریٹری رگھونندن راؤ، ایڈیشنل ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر مہیش بھاگوت، ایڈیشنل ڈی جی پی انٹلی جنس وجئے کمار، تلنگانہ جینکو کے منیجنگ ڈائرکٹر ہریش، منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد واٹر ورکس اشوک ریڈی اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔