ریونت ریڈی 2 جون کو کاغذ نگر میں اندراماں ہاؤزنگ دوسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے

چیف منسٹر ریونت ریڈی 2 جون کو آصف آباد ضلع کے کاغذ نگر میں اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کے دوسرے مرحلہ کا آغاز کریں گے۔ یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پر اندراماں ہاؤزنگ کے دوسرے مرحلہ کے آغاز کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چیف منسٹر اسکیم کے آغاز کے بعد جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ چیف منسٹر کے دورہ کے انتظامات کے سلسلہ میں ضلع سے تعلق رکھنے والے وزراء اور عوامی نمائندے متحرک ہوچکے ہیں۔ ضلع کلکٹر این ہریتا اور ضلع ایس پی نکیتا پنت نے دیگر محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ تقریب اور جلسہ گاہ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کیرا میری منڈل کے کولم کوٹاری گاؤں میں نئے تعمیر شدہ اندراماں مکانات کا افتتاح کریں گے۔ انتہائی پسماندہ قبائیلی طبقات کے لئے یہ مکانات الاٹ کئے گئے۔ کانگریس قائدین رکن اسمبلی کے پریم ساگر راؤ، رکن کونسل ڈی وٹھل اور ضلع کانگریس صدر اے سوگنا نے پارٹی کے قائدین اور نامزد عہدوں پر فائز شخصیتوں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ جلسہ عام میں عوام کی کثیر تعداد کی شرکت کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
