اسمارٹ میٹرس کی تنصیب سے مفت برقی سربراہی اسکیمات غیر متاثر

srinivas-reddy

محکمہ برقی نے وضاحت کی ہے کہ ریاست میں غریبوں کو 200 یونٹ مفت برقی سربراہی اور زرعی شعبہ کو مفت سربراہی کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ نے صارفین کے لئے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کو مفت سربراہی اسکیمات سے مربوط نہیں کیا جاسکتا ہے۔ بعض گوشوں کی جانب سے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کا حوالہ دیتے ہوئے مفت برقی سربراہی اسکیم ختم کرنے کے اندیشے ظاہر کئے جارہے ہیں۔ حکومت کا مقصد برقی کے استعمال اور سربراہی کے بارے میں حقیقی اعداد و شمار حاصل کرنا ہے لہذا اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ نے واضح کیاکہ اگر برقی سربراہ کرنے والے ادارے بھاری نقصانات سے دوچار ہوجائیں تو اِس کا بوجھ صارفین پر شرحوں میں اضافہ کی صورت میں عائد ہوتا ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ برقی سربراہی کے معاملہ میں حقیقی اعداد و شمار حاصل کرتے ہوئے برقی اداروں کو رعایتی اسکیمات کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ بی آر ایس قائدین نے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کو حکومت کی جانب سے مفت برقی سربراہی اسکیم ختم کرنے کی سمت پیش قدمی قرار دیا۔ وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے واضح کیاکہ بی آر ایس دور حکومت میں مرکزی وزارت برقی سے 4 جنوری 2017ء کو معاہدہ کیا گیا جس کے تحت اسمارٹ میٹرس کی تنصیب سے اتفاق کیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی آر ایس کے دور حکومت میں ہی برقی سربراہ کرنے والی کمپنیوں نے اِس سلسلہ میں معاہدہ کیا تھا۔ معاہدہ کے تحت مختلف شعبہ جات کے صارفین کے لئے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کو لازمی قرار دیا گیا۔ ایسے صارفین جو ہر ماہ 500 یونٹ سے زائد برقی استعمال کرتے ہیں اُنھیں اسمارٹ میٹر کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ 200 یونٹ سے کم برقی استعمال کرنے والے صارفین اِس سے مستثنیٰ رہیں گے۔ تلنگانہ حکومت غریب خاندانوں کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کررہی ہے۔ حکومت نے پہلے مرحلہ میں سرکاری محکمہ جات، تجارتی اور صنعتی صارفین کے لئے اسمارٹ میٹرس کی تنصیب کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ اِن اہم شعبہ جات میں برقی کے استعمال اور برقی نقصانات کا اندازہ کیا جاسکے۔ برقی سربراہ کرنے والے ادارے گزشتہ کئی برسوں سے نقصانات کا سامنا کررہے ہیں اور حکومت کو اُمید ہے کہ اسمارٹ میٹرس کی تنصیب سے برقی کے خسارہ میں کمی آئے گی اور برقی اداروں کو حکومت سے معاوضہ حاصل کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ پی سرینواس ریڈی نے واضح کیاکہ کسانوں کے لئے مفت برقی اور غریبوں کے لئے 200 یونٹ مفت سربراہی جیسی اسکیمات برقرار رہیں گی۔