ملک میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد میں تیزی سے اضافہ

TOP_21-9

ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے اِس دور میں سوشیل میڈیا کا استعمال ہر شخص کی زندگی کا لازمی جز بن گیا ہے۔ سوشیل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمس پر متحرک افراد میں عمر کی کوئی قید نہیں اور ہر شخص سوشیل میڈیا کے ذریعہ اپنی شناخت بنانے کی دوڑ میں ہے۔ تفریحی سرگرمیوں کے علاوہ دفتری اُمور کی تکمیل کے لئے انٹرنیٹ تک رسائی ضروری ہے اور ملک میں انٹرنیٹ کے استعمال کنندگان کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ انٹرنیٹ کے استعمال میں اترپردیش کو دیگر ریاستوں پر سبقت حاصل ہے اور آبادی کے اعتبار سے بھی اترپردیش میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد زائد ہے۔ حالیہ عرصہ میں سروے کے مطابق اترپردیش میں 131.14 ملین افراد انٹرنیٹ کا استعمال کرتے ہیں۔ مہاراشٹرا، ٹاملناڈو اور مغربی بنگال میں بھی انٹرنیٹ کے استعمال کنندگان کی تعداد میں اضافہ درج کیا گیا ہے۔ سروے کے مطابق مہاراشٹرا میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد 109.46 ملین ہے جبکہ ٹاملناڈو میں 63.48 ملین اور مغربی بنگال میں 63.75 ملین افراد انٹرنیٹ خدمات کا استعمال کرتے ہیں۔ جنوبی ریاستوں میں کرناٹک 60.30 ملین اور تلنگانہ میں 36.19 ملین انٹرنیٹ یوزرس درج کئے گئے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ خدمات کے چارجس میں کمی کے نتیجہ میں یوزرس کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے۔ موبائیل خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں نے انٹرنیٹ کے سلسلہ میں کئی آسان اور لبھانے والے پیاکیجس متعارف کئے ہیں جس کے نتیجہ میں سماج کا کوئی بھی شعبہ انٹرنیٹ کے استعمال سے عاری نہیں ہے۔ ماہرین نے بتایا کہ آنے والے برسوں میں سرکاری اور غیر سرکاری خدمات کو انٹرنیٹ سے مربوط کیا جائے گا جس کے نتیجہ میں انٹرنیٹ یوزرس کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔ سروے میں صرف مجموعی طور پر انٹرنیٹ یوزرس کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ عوامی خدمات اور سوشیل میڈیا کے استعمال کا علیحدہ طور پر جائزہ لیا جائے تو ممکن ہے کہ تفریحی سرگرمیوں میں انٹرنیٹ کا استعمال زیادہ پایا جائے گا۔