نوجوان نسل کو منشیات کی لعنت سے بچانا سماج کی اہم ذمہ داری

29last_3

گورنر تلنگانہ شیو پرتاپ شکلا نے ریاست سے ٹی بی کے خاتمہ اور نوجوانوں کو منشیات سے بچانے شعور بیداری مہم کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر آج آصف آباد ضلع کے دورہ پر حکومت کی فلاحی اسکیمات اور ریڈ کراس سوسائٹی کی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہے تھے۔ گورنر نے کہا کہ بنیادی سطح پر عوام کو مرض ٹی بی کے مضر اثرات سے واقف کرایا جائے اور سماجی تنظیموں کو اس چیلنج سے نمٹننے آگے آنا ہوگا۔ ضلع عہدیداروں سے خطاب میں گورنر نے کہا کہ سرکاری ملازمت صرف تنخواہوں کیلئے نہیں بلکہ ان پر اہم سماجی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے خلاف شعور بیداری کے ذریعہ نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچایا جاسکتا ہے۔ حکومت اور رضاکارانہ تنظیموں کی اس میں مشترکہ ذمہ داری ہے۔ گورنر نے کہا کہ نوجوانوں کیلئے موجودہ حالات میں منشیات سے بڑا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ اسکول اور کالجس کی سطح پر منشیات کے خلاف منظم مہم کی ضرورت ہے۔ گورنر نے کہا کہ ٹی بی سے متاثرہ مریضوں کو ادویات کے ساتھ صحت بخش غذائیں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے آصف آباد کو ٹی بی اور ڈرگس سے پاک ضلع بنانے کا عہد لیا۔ گورنر نے نمایاں خدمات پر ورکرس کو تہنیت پیش کی۔ سابق گورنر ہریانہ بنڈارو دتاتریہ شریک تھے۔ آصف آباد پہنچنے پر کلکٹر کے ہریتا ، ایس پی نکھیتا پنت ، ارکان اسمبلی کے لکشمی ، پی ہریش بابو و دیگر نے استقبال کیا۔