تمام فلاحی اسکیمات کیلئے اسمارٹ کارڈ جاری کرنے حکومت کا فیصلہ

p36-Copy

ریاستی حکومت نے عوام کو تیزتر آسان اور انتہائی شفاف طریقے سے تمام سرکاری خدمات اور فلاحی اسکیمات کے فوائد فراہم کرنے کیلئے ایک انقلابی قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت ریاست میں ایک ’’یونیفائیڈ ویلفیر کارڈ‘‘ (Unified Welfare Card) متعارف کرانے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جس کی مدد سے شہری اب الگ الگ دستاویزات کے بجائے صرف ایک ہی کارڈ کے ذریعہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیمات سے فائدہ حاصل کرسکیں گے۔ اس اہم ترین منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کیلئے چیف سکریٹری راماکرشنا راؤ کی صدارت میں سکریٹریٹ میں اعلیٰ عہدیداروں کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سکریٹری نے کہا کہ اس جدید اسمارٹ کارڈ کا بنیادی مقصد تمام سرکاری خدمات اور اسکیموں کو ایک ہی پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ایک ایسی جامع پالیسی تیار کررہی ہے جس کے بعد مستحقین کو ہرنئی اسکیم کیلئے بار بار الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور تمام سہولیات اسی ایک کارڈ کے ذریعہ دستیاب ہوں گی۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں کو سخت ہدایت جاری کی کہ وہ دیگر ریاستوں میں پہلے سے نافذالعمل اسمارٹ کارڈ پالیسیوں کا گہرائی سے جائزہ لیں اور ریاست تلنگانہ کے جغرافیائی اور سماجی حالات کے مطابق ایک مضبوط ایکشن پلان تیار کریں۔ اس ڈیجیٹل سسٹم کی تیاری میں جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا جبکہ عوام کے ذاتی ڈیٹا کی حفاظت اور رازداری کو اولین ترجیح دی جائے۔ چیف سکریٹری نے متعلقہ محکموں کو آئندہ 10 دنوں میں اس پراجکٹ کا ایک جامع پلان تیار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔