غریبوں کے مکانات کی تعمیر کی بجائے حیڈرا کے ذریعہ انہدام: کے ٹی آر

31last_1

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو چیالنج کیا کہ وہ 420 وعدوں اور 6 ضمانتوں پر عمل آوری کے بعد ہی آئندہ انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کریں۔ اسمبلی انتخابات سے قبل کانگریس نے 6 ضمانتوں اور 420 وعدوں پر مشتمل منشور جاری کیا تھا۔ سکندرآباد کنٹونمنٹ کے پارٹی قائدین اور کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر زرعی پمپ سٹسکو برقی میٹرس کی تنصیب کی صورت میں انتخابات میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ محض بیان بازی کے بجائے ریونت ریڈی کو برسر عام اعلان کرنا چاہئے کہ وہ تلنگانہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل تک الیکشن میں حصہ نہیں لیں گے۔ کے ٹی آر نے سوال کیا کہ کانگریس حکومت اہم وعدوں کی تکمیل پر جواب دہی سے گریزاں کیوں ہے۔ غریبوں کو مکانات کی فراہمی اور دیگر کئی وعدے کئے گئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ علیحدہ فارمرس ڈسکام کے قیام کا واحد مقصد زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہی کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا تھا کہ کسانوں کے لئے 3 گھنٹے برقی سربراہی کافی رہے گی۔ کسانوں کے لئے علیحدہ ڈسٹریبیوشن کمپنی کے قیام سے حکومت کا مخالف کسان ایجنڈہ بے نقاب ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس دور حکومت میں جو فلاحی اسکیمات متعارف کی گئیں ان کی مثال کانگریس حکومت پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام سمجھ چکے ہیں کہ ریونت ریڈی وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ نہیں ہیں۔ کے ٹی آر نے کسانوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی پالیسیوں سے چوکس رہیں۔ کے ٹی آر نے حیدرآباد کی ترقی کو نظر انداز کرنے کا حکومت پر الزام عائد کیا اور کہا کہ کنٹونمنٹ کے ضمنی چناؤ میں ریاستی وزراء نے 6000 مکانات کا وعدہ کیا تھا اور ڈھائی برس گذرنے کے باوجود ایک بھی مکان تعمیر نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس حکومت نے مکانات کی تعمیر کی بجائے حیڈرا کے نام پر غریبوں کے مکانات کے انہدام کا آغاز کیا ہے۔ کے ٹی آر نے پارٹی کارکنوں کو ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں چوکس رہنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ کوئی بھی رائے دہندے کا نام فہرست سے حذف ہونے نہ پائے۔ کے ٹی آر نے دعوی کیا کہ تلنگانہ میں آئندہ حکومت بی آر ایس کی ہوگی اور کے سی آر چیف منسٹر ہوں گے۔ سابق وزیر ٹی سرینواس یادو اور دیگر قائدین نے مخاطب کیا۔