تلنگانہ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں، تلنگانہ سے میرا قلبی تعلق

2pazr3

تلنگانہ کسی کے باپ کی جاگیر نہیں ہے اور کوئی مجھے خوفزدہ نہیں کرسکتا۔ تلنگانہ سے میرا گہرا قلبی تعلق ہے اور تلنگانہ عوام نے مجھے کئی مواقع پر ساتھ دیتے ہوئے ترقی کی بلندیوں پر پہنچایا ہے۔ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش و تلگو فلم اداکار پون کلیان نے حیدرآباد میں واقع ان کے مکان جوبلی ہلز میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔انہوں نے تلنگانہ میں ’جنا سیناپارٹی‘ کی سرگرمیوں پر انہیں دھمکانے والوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی ڈرا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔پون کلیان نے کہا کہ دستور میں حاصل آزادی اور جمہوری قوانین کا استعمال کرتے ہوئے وہ ملک کے کسی بھی حصہ میں اجلاس منعقد کرسکتے ہیں لیکن تلنگانہ میں اپنے سیاسی فائدہ کے لئے بعض سیاسی قائدین انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔سربراہ جنا سینا پارٹی نے تلنگانہ میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی بتدریج تلنگانہ کی سیاست میں حصہ لیتے ہوئے ’سماجی تلنگانہ ‘ کے لئے کام کرے گی۔ انہو ںنے بتایا کہ انہیں تلنگانہ سے زیادہ آندھراپردیش میں دھمکانے کی کوشش کی گئی تھی ۔پریس کانفرنس کے دوران انہو ںنے دعویٰ کیا کہ وہ کبھی تشکیل تلنگانہ کے مخالف نہیں رہے لیکن انہوں نے آندھراپردیش کی تقسیم کے طریقہ کار پر اعتراض کیا تھا۔پون کلیان نے کہا کہ وہ تلگو عوام کے درمیان تفرقہ پیدا نہیں کر رہے ہیں بلکہ ان کے درمیان پیدا ہونے والی دوریوں کا پاٹنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے سیاسی قائدین پر کی جانے والی تنقیدوں کو تلنگانہ یا تلنگانہ عوام پر تنقید قرار دینے کی کوششوں پر بھی سخت انتباہ دیا۔ڈپٹی چیف منسٹر آندھراپردیش نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ تلنگانہ میں سیاست ‘ اقتدار حاصل کرنے کے لئے نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ تلنگانہ کو ترقی کی نئی منزلوں پر دیکھنا چاہتے ہیں اور یہاں تبدیلی کے ذریعہ سماجی انصاف پر مبنی تلنگانہ کے لئے کوشاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی تلنگانہ میں ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف آواز اٹھائے گی اور تلنگانہ میں بنیادی سطح پر پارٹی کو مستحکم کیا جائے گا۔