پون کلیان کے ریمارکس پر پونم پربھاکر کی شدید تنقید

TOP_13-1

ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پونم پربھاکر نے پون کلیان کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کئے جانے والے ریمارکس پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’تلنگانہ ہمارے باپ کی نہیں ‘ تو کیا تمہارے باپ کی جاگیر ہے’! انہوں نے پون کلیان کو ’پیڈ آرٹسٹ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور بھارت راشٹرسمیتی دونوں آندھرائی ’پیڈ آرٹسٹ‘ کی خدمات حاصل کررہی ہیں۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم اور علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل پر اعتراض کرنے والے اب تلنگانہ عوام سے جھوٹی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درمیان پہنچ رہے ہیں اور یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ تلنگانہ عوام کو وہ انصاف دلوائیں گے۔ ریاستی وزیر نے پون کلیان سے سوال کیا کہ پون کلیان بہ حیثیت وزیر آندھراپردیش میں کونسا کارنامہ انجام دے چکے ہیں جو تلنگانہ میں کارنامہ کرنے کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے استفسار کیا کہ پون کلیان تلنگانہ عوام کو بتائیں کہ انہوں نے کب تلنگانہ کی تائید میں بات کی تھی‘ انہوں نے کبھی علحدہ ریاست کے لئے اپنی جان دینے والوں کے ساتھ انصاف کے لئے بات کی ؟ انہوں نے کبھی انہیں خراج عقیدت پیش کیا !جو آج تلنگانہ عوام کو سماجی انصاف کی بات کرتے ہوئے عوام میں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں!مسٹر پونم پربھاکر نے دعویٰ کیا کہ ریاستی حکومت کو بدنام کرتے ہوئے تلنگانہ میں سیاسی شورش پیدا کرنے کے لئے پون کلیان کو استعمال کیا جا رہاہے۔