جنوبی افریقہ کے نائب صدر کا تلنگانہ میں سرمایہ کاری سے اتفاق

تلنگانہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلیم ، طب ، سیاحت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون سے اتفاق کیا گیا۔ جنوبی افریقہ کے نائب صدر پال مشاٹیلے کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے آج حیدرآباد میں چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے جنوبی افریقہ کے صنعت کاروں اور تاجروں کو ڈسمبر 2026 میں منعقد ہونے والے تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ میں شرکت کی دعوت دی۔ نائب صدر جنوبی افریقہ نے کہا کہ وہ وفد کے ساتھ سمٹ میں شرکت کو اپنے لئے اعزاز تصور کرتے ہیں۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی سریدھر بابو اور وزیر صحت دامودر راج نرسمہا کے ہمراہ جنوبی افریقہ کے اعلیٰ سطحی وفد نے چیف منسٹر سے تعلیم ، میڈیکل ٹورازم اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان تعلیم اور میڈیکل ٹورازم میں اضافہ ہوگا اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھ جائیں گے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کے مضبوط تعلیمی اور اسکل ڈیولپمنٹ سسٹم نے شہر کو ایک عالمی مرکز اور آئی ٹی ، فارما ، ڈیفنس اور ایرو اسپیس کے شعبہ جات میں انجنیئرنگ صلاحیتوں کے بین الاقوامی مرکز کے طور پر اپنی شناخت بنا نے میں معاون رہا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد میں فارچیون 500 کمپنیوں کے گلوبل کیپبلٹی سنٹرس کے قیام کے نتیجہ میں عالمی سطح پر شہر کی شناخت میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد میں عالمی معیار کی طبی اور صحت کی سہولتیں دستیاب ہیں جس کے نتیجہ میں مختلف ممالک بالخصوص مشرق وسطی سے آنے والے افراد کم خرچ کے علاج کیلئے حیدرآباد کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حکومت حیدرآباد کو میڈیکل ٹورازم کے عالمی مرکزکے طورپر ترقی دے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گزشتہ سال تلنگانہ رائزنگ گلوبل سمٹ کی کامیابی سے متاثر ہوکر جاریہ سال ڈسمبر میں گلوبل سمٹ کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال کئی عالمی اداروں نے حیدرآباد میں سرمایہ کاری سے اتفاق کیا۔ ڈسمبر 2026 کے گلوبل سمٹ میں عالمی اداروں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ انٹرنیشنل ایرپورٹ کے قریب 30 ہزار ایکر اراضی پر بھارت فیوچر سٹی کے قیام سے جنوبی افریقہ کے نائب صدر کو واقف کرایا گیا۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے جنوبی افریقہ کے صنعت کاروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے مواقع سے واقف کرایا۔ وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے کہا کہ حیدرآباد بلک ڈرگس اور ویاکسن کی بڑے پیمانہ پر پیداوار کیلئے دنیا بھرمیں شہرت رکھتاہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو صحت کی بہتر سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔ جنوبی افریقہ کے نائب صدر پال ماشاٹیلے نے کہا کہ ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی اور ثقافتی تعلقات تاریخی نوعیت کے ہیں۔ ہندوستانی کمپنیوں کو جنوبی افریقہ میں تجارتی سرگرمیوں کے لئے پلیٹ فارم فراہم کیا گیا ہے۔ وفد میں ڈپٹی منسٹر برائے بین الاقوامی تعلقات ٹی موراکا ، ہندوستان میں جنوبی افریقہ کے سفیر اے سوکلال، جنوبی افریقہ کے وزیر صحت ڈاکٹر اے موتسو لیڈی اور دیگر وزراء اور عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ حکومت کی نمائندگی چیف سکریٹری رام کرشنا راؤ اور دیگر عہدیداروں نے کی۔
