حیدرآباد کے ماہر کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پی سی رتھ کو این ٹی آر ہیلت یونیورسٹی کا اعزاز

حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی سطح کے نامور کارڈیالوجسٹ ڈاکٹر پی سی رتھ کو ڈاکٹر این ٹی آر یونیورسٹی آف ہیلت سائنسیس کے وجئے واڑہ میں منعقدہ کانوکیشن میں ڈاکٹریٹ اِن سائنسیس کے اعزاز سے نوازا گیا۔ یونیورسٹی کا یہ اعلیٰ ترین اعزاز ہے۔ گورنر آندھراپردیش جسٹس ایس عبدالنذیر نے یہ اعزاز پیش کیا اور امراض قلب کے علاج کے سلسلہ میں ڈاکٹر پی سی رتھ کی خدمات کو سراہا۔ ہندوستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں عصری طریقہ علاج سے قلب کے امراض سے متاثر مریضوں کیلئے ڈاکٹر پی سی رتھ نے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے اپنے کیریئر میںماہرانہ طور پر کئی ڈاکٹرس کی تربیت کی ہے۔ وہ کارڈیالوجیکل سوسائٹی آف انڈیا کے صدر رہ چکے ہیں۔ ڈاکٹر پی سی رتھ انڈین کالج آف کارڈیالوجی کے صدر اور امریکن کالج آف کارڈیالوجی کے گورنر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ وہ کئی عالمی اداروں سے وابستہ ہیں۔ ڈاکٹر رتھ ان دنوں اپولو ہاسپٹل جوبلی ہلز اور اپولو ہاسپٹل بھوبنیشور میں ڈائرکٹر اینڈ ہیڈ آف دی ڈپارٹمنٹ کارڈیالوجی کے عہدہ پر فائز ہیں۔ ڈاکٹر رتھ کو اعزاز ملنے پر ماہرین نے مبارکباد پیش کی۔
