پرانے شہر کا سفر ایرانی چائے اور عثمانیہ بسکٹ کے بغیر ادھورا : کے ٹی آر

2-copy-1120x1536

بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے جمعرات کو حیدرآباد کے تاریخی علاقے چارمینار کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہوں نے چارمینار سے متصل شہر کے مشہور اور تاریخی نمرا کیفے اینڈ بیکری کا رخ کیا ۔ جہاں انہوں نے حیدرآباد کی روایتی ایرانی چائے اور مشہور عثمانیہ بسکٹ کا لطف اٹھایا ۔ اس موقع پر بی آر ایس کے قائدین علی بن ابراہیم مسقطی ، عنایت علی باقری ، محمد اعظم علی اور ایس اے قیصر کے علاوہ دوسرے قائدین موجود تھے ۔ پرانے شہر میں کے ٹی آر کی اچانک آمد اور ان کی موجودگی کے باعث چارمینار اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں زبردست گہماگہمی اور جوش و خروش دیکھا گیا ۔ نمرا کیفے کے دورے کے بعد کے ٹی آر نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس ( ٹوئیٹر ) پر اپنے تجربے کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ۔ جب آپ حیدرآباد کے پرانے شہر جاتے ہیں تو وہاں کا سفر تب تک مکمل نہیں ہوتا جب تک آپ وہاں کی روایتی ایرانی چائے نہ پی لیں ۔ میں نے چارمینار کے پاس واقع مشہور نمرا کیفے کا دورہ کیا اور وہاں کی لذیذ ایرانی چائے اور عثمانیہ بسکٹ کا لطف اٹھایا ۔ نمرا بیکری کے مالک اسلم بن عبود الکثیری نے کیفے پہونچنے پر بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کا گرمجوشی سے استقبال کیا ۔ دورے کے اختتام پر کے ٹی آر نے بہترین مہمان نوازی اور محبت کے لیے اسلم بن عبود الکثیری اور نمرا کیفے کے تمام اسٹاف کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔ کے ٹی آر کی جانب سے حیدرآبادی کلچر اور ایرانی چائے اور عثمانیہ بسکٹ کی تعریف کو سوشیل میڈیا پر کافی پسند کیا جارہا ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اپنے دورے پرانے شہر کے دوران پارٹی کی رکنیت سازی مہم کے لیے اسمبلی انچارجس علی بن ابراہیم مسقطی ، عنایت علی باقری ، محمد اعظم علی ، ایس اے قیصر سے ان کے متعلقہ اسمبلی حلقوں میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم اور ووٹر لسٹوں پر نظر ثانی (SIR) کے تعلق سے بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے خصوصی توجہ دینے کا مشورہ دیا ۔