پی آر سی کا اعلان نہ کرنا اور 6 ڈی ایز کا زیرالتواء حکومت کی نااہلی

بی آر ایس کے ڈپٹی فلور سابق وزیر ٹی ہریش راؤ نے کانگریس حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے سرکاری ملازمین اور کارکنوں کے مسائل کو نظر انداز کرنے اور وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام عائد کیا ۔ آج حیدرآباد میٹرو واٹر ورکس میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت ریاست کے سرکاری ملازمین اور محنت کش طبقے کو دھوکہ دے رہی ہے ۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک اور اشتعال انگیز بات ہے کہ تلنگانہ میں اس وقت ایک ساتھ (6 ڈی اے) زیرالتواء ہیں جس کی پورے ملک میں کوئی دوسری مثال نہیں ملتی ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ریاست کے لاکھوں ملازمین بڑی امید کے ساتھ /2 جون کو تلنگانہ کی یوم تاسیس کے موقع پر نئے پی آر سی کے اعلان کا انتظار کررہے تھے ۔ لیکن حکومت نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ۔ جس سے انہیں شدید مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ۔ اس موقع پر سابق وزیر نے پچھلی بی آر ایس حکومت کے دور اقتدار کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ واٹر ورکس کے بشمول دیگر محکموں میں ملازمین کو بغیر کسی رشوت اور سفارش کے خدمات کو باقاعدہ بنانے کے ساتھ ترقیاں فراہم کی گئی تھی ۔ ہریش راؤ نے ملازمین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی آواز کو دبنے نہیں دیں گے ۔ انہوں نے حکومت سے استفسار کیا کہ ڈھائی سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود پی آر سی کا کوئی باضابطہ اعلان نہ ہونا حکومت کی نااہلی کو ظاہر کرتا ہے ۔
