مجموعی گھریلو پیداوار میں ہندوستان اور فی کس آمدنی میں امریکہ سرفہرست

TOP-14-1

ہندوستان کی معیشت کا شمار تیزی سے ترقی کرنے والی دنیا کی چند ایک معیشتوں میں ہوتا ہے لیکن فی کس آمدنی کے اعتبار سے ہندوستان کا مظاہرہ دیگر ممالک کے مقابل کمزور ہے۔ جاریہ سال دنیا کی اہم اور مستحکم سمجھی جانے والی معیشتوں کی صورتحال کا سروے کیا گیا۔ ہندوستان مجموعی گھریلو پیداوار (GDP) کے معاملہ میں سرفہرست ہے جبکہ فی کس آمدنی کے معاملہ میں انڈونیشیا، چین، ملیشیاء، امریکہ اور دیگر ممالک کے مقابلہ میں کمزور مظاہرہ رہا ہے۔ سروے کے مطابق دیگر ممالک میں مجموعی گھریلو پیداوار اگرچہ ہندوستان سے کم ہے لیکن فی کس آمدنی کے معاملہ میں اُن کا مظاہرہ بہتر رہا ہے۔ جاریہ سال ہندوستان میں مجموعی گھریلو آمدنی کی شرح 7.7 فیصد درج کی گئی جبکہ ہندوستانیوں کی فی کس آمدنی 3100 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ امریکہ اور دیگر ممالک میں فی کس آمدنی ہندوستان کے مقابلہ بہتر ہے۔ مجموعی گھریلو پیداوار کے معاملہ میں انڈونیشیا کو 5.3 فیصد کے ساتھ ہندوستان کے بعد دوسرا مقام حاصل ہے تاہم فی کس آمدنی 5500 ڈالر ریکارڈ کی گئی ہے۔ چین میں جی ڈی پی کی شرح 4.9 فیصد درج کی گئی جبکہ شہریوں کی فی کس آمدنی 14000 ڈالر ہے۔ ملیشیاء میں جی ڈی پی کی شرح 4.7 فیصد درج کی گئی جبکہ شہریوں کی انفرادی آمدنی 15000 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔ امریکہ فی کس آمدنی کے معاملہ میں دیگر ممالک سے بہتر موقف میں ہے۔ امریکہ کی مجموعی گھریلو پیداوار 2.3 فیصد درج کی گئی جبکہ فی کس آمدنی 89000 ڈالر ریکارڈ کی گئی جو دنیا کی اہم معیشتوں کے مقابلہ میں بہتر ہے۔ امریکہ نے شہریوں کی انفرادی فی کس آمدنی کے معاملہ میں دیگر ممالک کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ مالیاتی سال 2025-26ء اور 2026-27ء کے دوران اہم ممالک کی معاشی ترقی اور جی ڈی پی گروتھ پر سروے کیا گیا۔