ایس آئی آر مہم میں شفافیت کیلئے انفارمیشن ٹکنالوجی کا استعمال

10pazr3

چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سی سدرشن ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تلنگانہ میں 25 جون سے شروع ہونے والی SIR مہم کو شفافیت کے ساتھ انجام دیں اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعہ فہرست رائے دہندگان خامیوں کے بغیر تیار کی جائے۔ سدرشن ریڈی نے ایس آئی آر مہم کے سلسلہ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال پر ضلع اور منڈل سطح کے ماسٹر ٹرینرس، آئی ٹی سپورٹ ٹیم اور ڈاٹا آپریٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کی۔ انہوں نے تینوں زمرہ جات کے لئے ٹریننگ پروگرام منعقد کرنے کی ہدایت دی۔ سدرشن ریڈی نے کہا کہ ایس آئی آر مہم کے موثر انعقاد کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال موثر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر مہم کے دوران ناموں کی موثر انداز میں جانچ کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ رائے دہندے الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ voter.eci.gov.in پر اپنے نام فہرست میں شامل کراسکتے ہیں۔ سدرشن ریڈی نے ایس آئی آر مہم کی تفصیلات سے واقف کرایا اور کہا کہ ضلع واری سطح پر الیکشن کمیشن کے عہدیداروں کو اس سلسلہ میں متحرک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق خامیوں سے پاک فہرست رائے دہندگان تیار کی جائے اور کسی بھی اہم رائے دہندہ کا نام چھوٹنے نہ پائے۔