جمعہ سے پہلے معاہدہ کی کچھ تفصیلات ظاہر کر سکتے ہیں: وینس

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کو واضح اور عملی فوائد ملیں گے اگر وہ امریکہ کے ساتھ طے شدہ مفاہمتی یادداشت میں شامل اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرتا ہے۔ان کے مطابق آئندہ مرحلے میں تکنیکی سطح کی مذاکراتی بات چیت ہوگی ،جس میں کئی اہم اور حل طلب معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔وینس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ممکن ہے، جمعہ سے قبل ایران کے ساتھ معاہدے کی مزید تفصیلات سامنے لائیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ اس بات پر غور کر رہی ہے کہ طے پانے والے بعض نکات کو عوام کے سامنے لایا جائے، جبکہ اسی دوران معاہدے پر عمل درآمد اور نگرانی کے طریقہ کار سے متعلق تکنیکی مذاکرات جاری رہیں گے۔ان بیانات سے یہ توقع مزید بڑھ گئی ہے کہ آنے والے دنوں میں ممکنہ معاہدے کی صورت واضح ہو جائے گی، کیونکہ اب تک اس کی کئی بنیادی تفصیلات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔نائب صدر کے مطابق واشنگٹن ایران کے ساتھ ایک نئے مرحلے کا آغاز چاہتا ہے، بشرطیکہ تہران اپنے وعدوں پر عمل کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ چاہتی ہے کہ ایران ایک ’’معمول کا ملک‘‘ بن کر عالمی برادری کے اصولوں کے مطابق رویہ اپنائے۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائی اپنے اہداف حاصل کر چکی ہے اور یہ بہت کامیاب رہی۔ اسی کے ساتھ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے معاہدے کی خلاف ورزی کی یا اپنی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹا تو امریکہ دوبارہ اپنے پرانے سخت مؤقف اور اقدامات کی طرف لوٹ سکتا ہے۔
