تلنگانہ میں جنا سینا کی سرگرمیوں کا آغاز

TOP_18-5

آندھراپردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر جنا سینا پارٹی سربراہ پون کلیان نے تلنگانہ کی سیاست پر توجہ مرکوز کی ہے ۔ تلنگانہ میں پارٹی کی سرگرمیوں کے آغاز کے لئے منی کنڈہ میں جنا سینا کا تلنگانہ آفس قائم کیا گیا جس کا پون کلیان نے خصوصی پوجا کے ساتھ افتتاح کیا۔ گریٹر حیدرآباد ، ملکاجگری اور سائبر آباد کارپوریشنوں کے مجوزہ انتخابات میں جنا سینا حصہ لینے کی تیاری کر رہی ہے ۔ عصری سہولتوں سے آراستہ جنا سینا آفس کے افتتاح کے موقع پر پارٹی کارکنوں اور پون کلیان کے پرستاروں کی کثیر تعداد موجود تھی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلنگانہ میں پارٹی کے استحکام کیلئے مختلف اضلاع کا دورہ کریں گے ۔ پون کلیان کے تلنگانہ کی سیاست میں حصہ لینے کے اعلان پر کانگریس اور دیگر پارٹیوں نے شدید ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ پون کلیان کو تلنگانہ کی سیاست سے دور رہنے کا مشورہ دیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ پون کلیان کو تلنگانہ میں سیاست کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ پون کلیان نے گزشتہ دنوں کہا تھا کہ تلنگانہ کسی کی جاگیر نہیں ہے۔ ریاستی وزراء اور کانگریس قائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پون کلیان بی جے پی کے اشارہ پر تلنگانہ میں سرگرم ہورہے ہیں تاکہ بی جے پی کو فائدہ ہو۔