ملک کے نوجوانوں میں موبائیل فون کے استعمال کے رجحان میں اضافہ

ہندوستان میں نوجوانوں میں موبائیل فون کے استعمال کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ۔ گزشتہ سال ملک میں مختلف عمر سے تعلق رکھنے والے افراد میں موبائیل کے استعمال کا سروے کیا گیا۔ ملک میں ڈیجیٹل ٹکنالوجی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ اسمارٹ فون کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ قومی سطح پر سروے کے مطابق 73.4 فیصد نوجوان موبائیل فون کا استعمال کر رہے ہیں۔ نوجوانوں میں موبائیل فون کے استعمال کے رجحان میں لداخ ، مہاراشٹرا ، تلنگانہ ، کرناٹک ، ٹاملناڈو ، کیرالا، سکم ، آسام ، منی پور اور میزورم کو نمایاں مقام حاصل ہے۔ کیرالا میں 89.6 فیصد جبکہ سکم میں 89.1 اور لداخ میں 87.7 فیصد نوجوان موبائیل فون کا استعمال کرتے ہیں۔ تلنگانہ میں 82.8 فیصد اور مہاراشٹرا میں 81.4 فیصد نوجوانوں کی جانب سے موبائیل فون کی ملکیت کا شمار کیا گیا ہے ۔ دارالحکومت دہلی 90 فیصد کے ساتھ ملک میں سرفہرست ہے۔ سروے کے مطابق ٹکنالوجی کی ترقی کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں اسمارٹ فون رابطہ میں اضافہ ہوا ہے۔ ریاستوں کے اعتبار سے موبائیل فون کے استعمال کا رجحان مختلف درج کیا گیا۔ ڈیجیٹل خدمات کے علاوہ انفراسٹرکچر اور آمدنی سے متعلق خدمات کے استعمال میں بھی نوجوان آگے ہیں۔ سروے کے مطابق 15 تا 29 سال عمر کے 73.4 فیصد افراد ملک میں موبائیل فون کا استعمال کر رہے ہیں۔ سروے کے مطابق موبائیل فون کا استعمال ملازمت ، بزنس اور تفریحی سرگرمیوں میں زائد درج کیا گیا ہے۔ موبائیل فون کے کم استعمال کے معاملہ میں راجستھان ، اترپردیش ، اڈیشہ کو نمایاں مقام حاصل ہوا ہے۔
