SIR مہم کے بارے میں عوام میں غلط فہمیوں کو دور کرنے کی ضرورت

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کارکنوں سے اپیل کی کہ ایس آئی آر مہم کے بارے میں عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کا ازالہ کریں۔ آرمور اسمبلی حلقہ میں بوتھ لیول ایجنٹس کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے بوتھ لیول ایجنٹس پر زور دیا کہ وہ اپنے فرائض کو بہتر انداز میں انجام دیتے ہوئے کسی بھی اہل رائے دہندے کے نام کو حذف ہونے سے بچائیں۔ انہوں نے کہا کہ فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی کا مقصد حقیقی رائے دہندوں کے ناموں کو شامل کرنا ہے ۔ ایس آئی آر مہم کے بارے میں عوام نے کئی اندیشے دیکھے جارہے ہیں۔ حالانکہ کسی بھی اہل رائے دہندہ کا نام فہرست سے حذف نہیں ہوگا۔ انہوں نے الیکشن کمیشن کی گائیڈ لائینس کے مطابق خدمات انجام دینے کا ایجنٹس کو مشورہ دیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ رائے دہی ہر شہری کا دستوری حق ہے اور بنیادی سطح پر بوتھ لیول ایجنٹس کو متحرک ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کے ساتھ ساتھ عوام کو بھی اس مہم کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے رہنمائی کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ غفلت کے نتیجہ میں بہار ، بنگال اور دیگر ریاستوں کی طرح حقیقی رائے دہندوں کے نام حذف کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اس مہم کے ذریعہ سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے اور کانگریس کے حامیوں کے ناموں کو نشانہ بنایا جاسکتا ہے ، لہذا کارکنوں کو چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔
