SIR : تکمیل شدہ فارمس کے ڈیجٹلائزیشن کا عمل شروع کرنیکی ہدایت

Bihar-SIR-13

چیف الیکٹورل آفیسر سی سدرشن ریڈی آئی اے ایس نے فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی سے متعلق SIR مہم پر ضلع کلکٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا۔ اُنھوں نے ضلع واری سطح پر رائے دہندوں میں انومیریشن فارمس کی تقسیم کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ ضلع کلکٹرس نے بی ایل اوز اور بوتھ لیول ایجنٹس کی جانب سے فارمس کی تقسیم اور پُر کرنے میں رہنمائی سے واقف کرایا۔ سدرشن ریڈی نے کہاکہ تلنگانہ میں رائے دہندوں میں فارمس کی تقسیم کا کام اطمینان بخش ہے اور 91 فیصد سے زائد رائے دہندوں تک فارمس پہونچ چکے ہیں۔ اُنھوں نے ضلع کلکٹرس سے کہاکہ وہ مقررہ مدت میں فارمس کی تقسیم کا عمل مکمل کرلیں۔ خاص طور پر حیدرآباد، میڑچل اور رنگاریڈی کے علاوہ دیگر شہری علاقوں میں کلکٹرس کو اِس سلسلہ میں خصوصی توجہ کی ہدایت دی گئی۔ سدرشن ریڈی نے کہاکہ الیکشن کمیشن کی جانب سے مقرر کردہ سوپر وائزرس کو اِس کام کی نگرانی کرنی چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ جہاں کہیں بھی بی ایل اوز کی کارکردگی غیر اطمینان بخش ہے وہاں سوپروائزرس کو تعاون کرنا چاہئے۔ اُنھوں نے مقامی غیر سرکاری تنظیموں اور سماجی کارکنوں سے اِس سلسلہ میں اشتراک کا مشورہ دیا۔ ضلع کلکٹر حیدرآباد کو ہدایت دی گئی کہ حیدرآباد میں موجود 16 ہیلپ ڈیسک کے علاوہ جہاں ضرورت ہو وہاں ہیلپ ڈیسک قائم کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ فارمس کی خانہ پُری کے بعد حاصل کرتے وقت اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ فارم پر بی ایل او کی دستخط اور رائے دہندے کی تصویر لازمی طور پر موجود رہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حاصل ہونے والے فارمس کے ڈیجیٹلائزیشن کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ تمام فارمس کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔ ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی گئی کہ وہ پولنگ مراکز کی تنظیم جدید کے کام پر توجہ دیں۔ ایک ہی خاندان کے افراد کے نام مختلف پولنگ مراکز کے بجائے ایک ہی مرکز پر ہونے چاہئیں۔ آن لائن داخل کی جانے والی درخواستوں کے بارے میں بی ایل اوز اور سوپروائزرس کو مناسب ٹریننگ دی گئی ہے اور ڈیجٹلائزیشن کا عمل شفافیت کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ سدرشن ریڈی نے اُمید ظاہر کی کہ تلنگانہ میں مقررہ مدت کے دوران فہرست رائے دہندگان پر نظرثانی مکمل ہوگی۔V/1

SIR مہم کے تحت 3.24 کروڑ فارمس کی تقسیم
ریاست کے 95 فیصد رائے دہندوں کا احاطہ : سدرشن ریڈی
حیدرآباد 7 جولائی (سیاست نیوز) چیف الیکٹورل آفیسر تلنگانہ سدرشن ریڈی نے کہاکہ فہرست رائے دہندگان پر خصوصی نظرثانی مہم SIR کے تحت آج تک ریاست بھر میں 3 کروڑ 24 لاکھ 48 ہزار انومریشن فارمس عوام میں تقسیم کئے گئے۔ اُنھوں نے دعویٰ کیاکہ رائے دہندوں میں فارمس کی تقسیم کے ذریعہ 95.91 افراد کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سدرشن ریڈی نے ضلع واری سطح پر بوتھ لیول آفیسرس کی جانب سے فارمس کی تقسیم پر ضلع کلکٹرس سے رپورٹ طلب کی۔ اُن کا کہنا ہے کہ تلنگانہ میں SIR کا عمل اطمینان بخش طریقہ سے جاری ہے اور بوتھ لیول آفیسرس اعلیٰ عہدیداروں کی نگرانی میں بہتر انداز میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔