نیٹ امتحانی پرچہ کے افشاء کیخلاف سی پی آئی کا 27 جولائی کو ریاست گیر احتجاج

CpIM

سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری سامبا سیوا راؤ نے نیٹ پرچہ کے افشاء کے خلاف نئی دہلی میں جاری طلبہ کے احتجاج سے اظہار یگانگت اور مرکزی حکومت کی جانب سے طاقت کے ذریعہ احتجاج کو کچلنے کی کوششوں کے خلاف ریاست گیر سطح پر احتجاج کا اعلان کیا۔ سامبا سیوا راؤ نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ 27 جولائی کو تمام ضلع کلکٹریٹس اور حیدرآباد میں لوک بھون کے روبرو احتجاج منظم کیا جائے گا۔ 6 تا 14 اگست ریاست بھر میں پد یاترا اور شعور بیداری مہم چلائی جائے گی۔ یکم ستمبر کو چلو دہلی پروگرام منظم کیا جائے گا جس میں تلنگانہ سے سینکڑوں افراد کی شرکت کا امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ 11 تا 17 ستمبر تلنگانہ مسلح جدوجہد کی یاد میں تقاریب منعقد کی جائے گی ۔ سامبا سیوا راؤ نے جنتر منتر پر احتجاجی طلبہ کے خلاف پولیس کارروائی کی مذمت کی اور کہا کہ جمہوری انداز میں احتجاج کو طاقت کے ذریعہ ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ انہوں نے مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے تمام ضلع یونٹس کو احتجاجی پروگراموں میں حصہ لینے کی ہدایت دی۔